رسائی کے لنکس

نیدرلینڈز کی ملکہ پاکستان کیوں آئی ہیں؟


یورپی ملک نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی وکیل برائے فنانس فار ڈویلپمنٹ کی حیثیت سے تین روزہ دورے پر پیر کی صبح پاکستان پہنچ گئی ہیں۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ' ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان' کی رپورٹ کے مطابق ملکہ میکسیما اسٹیٹ بینک کے منصوبے 'مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے' کی افتتاحی تقریب سمیت کئی اجلاسوں میں شرکت کریں گی۔

چھ رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آنے والی ملکہ میکسیما ​اپنے دورے کے دوران صدر عارف علوی اور وزیرِ اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گی۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کا مقصد چھوٹے قرضوں پر شرح منافع میں کمی اور رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام کو اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔

ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کی عہدیدار کی حیثیت سے 2009 سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ سماجی اور معاشی لحاظ سے ترقی کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے دنیا بھر میں انفرادی طور پر اور کمپنیوں کی رسائی کو فروغ دینے میں مصروف رہتی ہیں۔

نیدرلینڈز کی ملکہ کا یہ دوسرا دورۂ پاکستان ہے۔ اس سے قبل انہوں نے فروری 2016 میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

عالمی مالیاتی فنڈ یعنی آئی ایم ایف کے وفد نے بھی حال ہی میں پاکستان کا دورۂ کیا تھا جس کے دوران ادارے کی جانب سے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا۔

اس کے بعد ہی مالیاتی ادارے نے پاکستان کو قرض کی دوسری قسط جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔

XS
SM
MD
LG