رسائی کے لنکس

کوئٹہ: بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک آٹھ زخمی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

قندھاری بازار میں ایک دوکان کے باہر رکھے گئے بارودی مواد میں اس وقت زوردار دھماکا ہوا جب وہاں خریداری کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مر کزی علاقے میں اتوار کی شام ایک بم دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ۔

پولیس حکام کے مطابق کو ئٹہ شہر کے مرکزی علاقے قندہاری بازار کے باچاخان چوک پر واقع ایک اچار کی دُکان کے باہر بارودی مواد کاغذ کے ایک ڈبے میں رکھا گیاتھا جس میں عین اُس وقت ٹائمر ڈیوائس کے ذریعے زوردار دھماکا کیا گیا جب لوگ عید الفطر کی خریداری میں مصروف تھے۔

دھماکے کی زد میں آکر نو افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موت کا شکار ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے لیے کم ازکم آدھا کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا ۔

بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں حالیہ ہفتوں میں سکیورٹی فورسز پرکالعدم علیحدگی پسند بلوچ عسکری تنظیمیں جان لیوا حملے کرتی رہی ہیں۔ تاہم صوبائی دارالحکومت میں کئی ماہ کی خاموشی کے بعد اتوار کو ایک دھماکا ہوا جس سے شہریوں میں خوف وہرا س پھیل گیا ہے۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یافرد نے قبول نہیں کی، تاہم پولیس حکام شُبہ ظاہر کر رہے ہیں کہ دھماکا اُنہی تنظیموں نے کیا ہو گا جو اس سے پہلے اس طرح کے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں۔

دو روز پہلے بھی کو ئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں پولیس کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

کو ئٹہ شہر کا باچاخان چوک شہر کا مز کزی علاقہ ہے یہاں پر تین سال پہلے یوم القدس کے جلوس پر خود کش حملے میں 80 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ اس سے پہلے سیکورٹی فورسز پرکئے گئے حملوں اور اس چوک پر ہونے والے دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں ان میں سے بیشتر دھماکوں اور حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ عسکری تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG