رسائی کے لنکس

بلوچستان میں قیمتی پتھروں کا بڑھتا ہوا کاروبار


بلوچستان میں قیمتی پتھروں کی نمائش
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:50 0:00

بلوچستان میں قیمتی پتھروں کی نمائش

قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ بلوچستان میں سنگ مرمر کے ساتھ ساتھ دیگر بیش بہا قیمتی پتھروں کے بہت بڑے ذخائر موجود ہیں۔

پاکستان کا جنوب مغربی صوبہ بلوچستان اپنے خوبصورت قیمتی پتھروں کے حوالے سے پوری دُنیا میں کافی شہرت رکھتا ہے۔ صوبے میں ان قیمتی پتھروں کا کاروبار اب فروغ بھی پا رہا ہے اور سرمایہ کار اس شعبے میں سرمایہ کاری بھی کر رہے ہیں۔

پاکستان جمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی نے ان قیمتی پتھروں کے کاروبار کو مزید وسعت دینے کے لیے صوبے میں اب تک 13 جبکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر درجنوں نمائشوں کا انعقاد کیا ہے۔

کو ئٹہ میں رواں ہفتے ہونے والی دو روزہ نمائش میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی اور قیمتی پتھروں میں خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ کمپنی کے بلوچستان کے صوبائی سربراہ سید بشیر آغا نے وائس آف امریکہ کوبتایا کہ ان کا ادارہ اس شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی تیاری کے ساتھ ساتھ ہنر مند افرادی قوت بھی تیار کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے ایک ادارہ قائم کیا گیا ہے جہاں صرف دو سے تین ہزار روپے فیس کی ادائیگی کے بعد قیمتی پتھروں سے متعلق تربیت حاصل کر سکتا ہے اور اب تک اس ادارے نے 1400 افراد کو تربیت فراہم کی جو اس شعبے میں اپنا کاروبار کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ان میں چالیس فیصد خواتین بھی شامل ہیں۔

"ان نمائشوں کی بدولت ہم نے دیکھا ہے کہ لوگوں میں ان قیمتی پتھروں کے بارے میں کافی دلچسپی پیدا ہوئی ہے لوگوں کی سر مایہ کاری دیکھی ہے، اس طر ف مائل ہو نا دیکھا ہے ہمارے پاس ژوب، قلعہ سیف اللہ، چمن اور خاران کے لوگوں نے اسٹال لگائے ہیں اس وقت کراچی سے لاہور سے سوات سے لوگوں نے آکر اس میں شرکت کی ہے۔"

سید بشیر آغا کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایشیا کے قیمتی پتھروں کے 44 فیصد ذخائر پائے جاتے ہیں اور جب مقامی افراد ان کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے تو وہ انھیں برآمد کر کے قابل ذکر زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔

"جمز کے اندر سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ کو ئی بھی بندہ چاہے وہ سر وس مین ہو ، چاہے وہ کسی پرائیویٹ آرگنائزیشن کے یہاں کام کر تا ہو وہ جیمز بزنس کو کاروبار کے طور اپنا سکتا ہے، اس کے لئے زیادہ سر مایے کی ضرورت بھی نہیں ہوتی اپ دس ہزار سے بھی کام شروع کر سکتے ہیں۔"

قدرتی وسائل سے مالامال اس صوبے میں سنگ مرمر کے ساتھ دیگر بیش بہا قیمتی پتھروں کے بہت بڑے ذخائر موجود ہیں۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اس صنعت کو فروغ دینے کے لئے سر مایہ کاروں کو سیکورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام تر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبے میں بدامنی کی ایک بڑی وجہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری بھی ہے اور اس شعبے پر توجہ دینے سے بیروزگار ی پر قابو مقامی آبادی کو خوشحال بنانے میں مدد لی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG