رسائی کے لنکس

کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، 6افراد ہلاک، 2زخمی


فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد نے موقع پر ہی جان دے دی جبکہ دو زخمی افراد نے اسپتال میں طبی امداد کے دوران دم توڑ دیا۔

کوئٹہ میں پیر کی شام پرنس روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6افراد ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرنس روڈ پر واقع جوتے چپل کی ایک دکان پر پیش آیا جہاں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے اچانک حملہ کیااور دکان پر بیٹھے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔

فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد نے موقع پر ہی جان دے دی جبکہ زخمی افراد نے اسپتال میں طبی امداد کے دوران دم توڑ دیا۔ مزیددو افراد زخمی ہیں ۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کی متیں سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔ زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت انتہائی نازک تھی جنہیں طبی امداد ملنے کے باوجود بچایا نہیں جاسکا تاہم باقی دو کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔


واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ سول اسپتال میں بھی پولیس کی نفری بڑھادی گئی ۔ واقعہ کے خلاف پرنس روڈ پر بعض افراد کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا ۔ احتجاج کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

واقعات کی بنیاد پر جمع کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق سال 2012ء کے دوران اب تک بلوچستان میں فائرنگ بم دھماکوں و دیگر پرتشدد واقعات میں کئی درجن افراد ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔ان واقعات کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں :

یکم جنوری ، ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ ،تین ایف سی اہلکارہلاک ، 12 جنوری :تربت میں بم حملہ اور فائرنگ،14 سیکورٹی اہلکارہلاک،25 جنوری : کوئٹہ میں فائرنگ3 افراد ہلاک 26 جنوری: سوئی میں پانچ ایف سی اہلکار ہلاک ہوئے۔

یکم فروری ڈیرہ بگٹی میں2 اہلکارہلاک، 5 فروری ،نوشکی میں2 افراد ہلاک ،13 فروری کوڈیرہ مراد جمالی میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں2 افراد ہلاک ، 14 فروری کوتربت میں7 مزدورہلاک اور 18 فروری کوڈیرہ بگٹی میں2 سیکورٹی اہلکارہلاک ہوئے۔

علاوہ ازیں 3 مارچ کومچھ میں3 اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔7 مارچ کومندہلومیں5 افراد ، 9 مارچ کوقلعہ عبداللہ میں3 ،17 مارچ کوڈیرہ بگٹی میں2 اہلکار،21 مارچ کوکوئٹہ میں2 اہلکار،29 مارچ کومستونگ میں اقوام متحدہ کے 2 اہلکار جبکہ 30 مارچ کو۔کوئٹہ میں5 افراد ہلاک ہوئے۔

تین اپریل کو کوئٹہ میں 2 افراد، 5 اپریل کو تربت میں3 اہلکار، 6 اپریل کوکوئٹہ میں مسجد خطیب پر حملہ جس میں وہ جاں بحق ہوگئے ۔ آج یعنی 9 اپریل کوکوئٹہ میں فائرنگ سے6 افرادہوگئے۔

XS
SM
MD
LG