رسائی کے لنکس

پاکستانی فلموں میں نئے چہرے کی آمد


میں نے” ہجرت“ کا پروجیکٹ اس لئے قبول کیا کہ یہ مجھے اپنے لئے ٹھیک لگا۔

کمرشل اور میوزک ویڈیوز میں دھوم مچانے اور بہترین ماڈل کا2مرتبہ ایوارڈ جیتنے والی پرکشش اداکارہ رابعہ بٹ اب بڑے پردے پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لئے تیار ہیں۔ فاروق مینگل کی فلم ’ ’ہجرت“ کے ساتھ انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا دیا ہے۔

رابعہ بٹ فلم ”ہجرت“ کو اپنے کیرئیر کے لئے ایک بڑا بریک تھرو قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اچھی چیزیں ان لوگوں کا مقدر بنتی ہیں جو صحیح وقت اور موقع کا انتظار کرتے ہیں۔ میں نے” ہجرت“ کا پروجیکٹ اس لئے قبول کیا کہ یہ مجھے اپنے لئے ٹھیک لگا۔ مجھے یہ تواندازہ تھا کہ میں فلم کروں گی لیکن میں نے کسی بڑی فلم میں کردار کے لئے کوئی بھاگ دوڑ نہیں کی۔

فلم ’ہجرت “لالی وڈ میں صرف رابعہ کی ہی ڈبیو فلم نہیں بلکہ پاکستان ٹی وی انڈسٹری کو کئی ہٹ ڈرامہ سیریل دینے والے فاروق مینگل کی بھی بطور ڈائریکٹر یہ پہلی فلم ہے۔ فلم کی لیڈ جوڑی کے طور پر تو مینگل نے فریش اور نئے چہرے رابعہ بٹ اور اسد زمان کو لیا ہے ساتھ ہی ساتھ منجھے ہوئے اداکاروں نعمان اعجاز اور ایوب کھوسو کو بھی کاسٹ کاحصہ بنایا ہے۔

ہجرت‘ کی کہانی ایک رومینٹک ڈرامہ ہے جو افغان جنگ کے پس منظر میں لکھی گئی ہے۔انگریزی اخبار ٹری بیون کے مطابق رابعہ بٹ نے اس فلم میں بھارتی ڈاکٹر جیا کا رول ادا کیا ہے جو مہاجرین کے بحالی کیمپ میں کام کرتی ہے۔رابعہ کا کہنا ہے کہ فلم کے بارے پوری ٹیم کا جنون قابل دید ہے۔ فلم کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ۔ سب نے بہت محنت اور کوشش کی ہے اور اب فلم کی کامیابی جس ایک چیز پر منحصر ہے وہ ہے قسمت۔

فلم میں اپنے کردار کو رابعہ نے چیلنجنگ اور بہت ڈیمانڈنگ قرار دیا۔ان کا کہنا ہے کہ ہجرت کے بعد وہ اپنے ایکٹنگ کیرئیر پر زیادہ سے زیادہ فوکس کریں گی۔

بڑے بجٹ کی فلم سمجھی جانے والی ’ہجرت‘ کی ریلیز اکتوبر اور نومبر کے درمیان متوقع ہے۔ فلم کے ٹیزرز عید پر ریلیز کئے جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG