رسائی کے لنکس

محمد رفیع کے چھ نئے نغمے منظرِ عام پر


محمد رفیع کے چھ نئے نغمے منظرِ عام پر
محمد رفیع کے چھ نئے نغمے منظرِ عام پر

محمد رفیع کی گلوکاری کے لاکھوں مداح اس وقت خوشی سے جھوم اٹھے جب حال ہی میں بالی وڈ کے دیومالائی حیثیت رکھنے والے گلوکار کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے چھ نئے نغموں کو ایک البم کی شکل میں ریلیز کیا گیا ہے۔ ان نایاب نغموں کی البم کا نام ’دی لاسٹ سانگز’ ہے۔

یہ وہ گانے ہیں جنہیں بالی وڈ کے اِس عظیم گلوکار کے انتقال سے ایک سال قبل ہی ریکارڈ تو ضرور کیا گیا پر انہیں کسی فلم میں استعمال کرنے سے قبل ہی 1980ء میں رفیع کا انتقال ہو گیا۔ یونیورسل میوزک کی جانب سے ریلیز کیے گئے اِس البم کے تمام گانوں کے لیے موسیقی چتر گپت نے تیار کی ہے جب کہ نغمہ نگار کفیل اعزاز ہیں۔ خیال رہے کہ چتر گپت کے بیٹے اور نام ور موسیقار جوڑی آنند ملند نے رفیع کے اِس نئے البم کو اُن کے مداحوں تک پہنچانے میں اہم کردار کیا ہے۔

رفیع کی موت کے 30 سال بعد ان کے گانوں کا البم ریلیز ہونا اِس بات کا ثبوت ہے کہ اُن کی آواز میں گائے ہوئے یادگار نغمے ہمیشہ ہی شائقینِ موسیقی کے دلوں پر راج کرتے رہیں گے۔

رفیع کے مداحوں کے ذریعے چار سال قبل قائم کی گئی رفیع فاؤنڈیشن کے سربراہ بینو نائر نے وی او اے اردو ویب سائٹ سے دی لاسٹ سانگز البم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ رفیع کے ریلیز ہوئے نئے نغمے بہت اعلیٰ معیار کے ہیں۔ البم کا سولو نغمہ ’تیری ادا سب سے جدا‘ رفیع نے بہت ہی خوب صورتی سے گایا ہے۔ بینو نے مزید کہا کہ ابھی تو صرف آڈیو ریلیز کیا گیا ہے بہت جلد اِن نغموں کا ویڈیو بھی ریلیز کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ عالمی سطح پر رفیع کی آواز کے دو ہزار دیوانے رفیع فاؤنڈیشن کے ممبر ہیں۔

تیرہ سال کی عمر میں گائیکی کا سفر شروع کرنے والے رفیع نے بالی وڈ فلموں کے علاوہ اردو، ہندی، مراٹھی، گجراتی، بنگالی، بھوج پوری، سندھی اور تیلگو سمیت کئی زبانوں میں بھی گانے گائے۔ اِس بات سے بہت کم لوگ واقف ہیں کہ سہانی رات ڈھل چکی، او دنیا کے رکھوالے، زندگی بھر نہیں بھولے گی وہ برسات کی رات، احسان ترا ہو گا مجھ پر، کہیں ایک معصوم نازک سی لڑکی جیسے ہزاروں مقبول نغموں کے گائیک رفیع نے انگریزی اور فارسی زبانوں میں بھی گانے ریکارڈ کروائے۔

بیتے دور کے مشہور موسیقار نوشاد ، او پی نیئر، شنکر جے کشن، مدن موہن، روشن، خیام، اور دوسرے موسیقاروں کے ساتھ مل کر رفیع نے ہندی فلم انڈسٹری کو ان گنت سپرہٹ اور یادگار نغمے دیے ہیں۔ دلیپ کمار، دیو آنند، گرودت، شمی کپور، راجندر کمار، جانی واکر اور جوائے مکھرجی جیسے کئی فلمی ستاروں کی اداکاری کو ذہن میں رکھ کر اُن کی فلموں میں اپنی لافانی آواز سے ہندی فلم انڈسٹری میں رفیع نے دھوم مچا دی۔

بالی وڈ میں رفیع کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دی فلمز ڈویژن آف انڈیا نے حال ہی میں ’رفیع تم بہت یاد آئے’ نامی دستاویزی فلم بھی نشر کی ہے۔

XS
SM
MD
LG