رسائی کے لنکس

سابق غلاموں کی بیٹی کی جدوجہد کی مثالی کہانی


(بشکریہ واکر فیملی)

اُنھوں نے ’کاسمیٹکس‘ کی ایک سلطنت کھڑی کردی، جو افریقی نژاد امریکی خواتین کے لیے بالوں کی دیکھ بھال اور آرائش و جمال کی مصنوعات تیار کرنے لگی۔ جب 51 برس میں اُن کا انتقال ہوا، وہ امریکہ کی پہلی افریقی نژاد کروڑ پتی خاتون بن چکی تھیں

میڈم سی جے واکر کامیاب امریکی کہانی کی ایک لازوال مثال ہیں، جنھوں نے مشکل ترین حالات کا ہمت سے مقابلہ کیا، اور اپنی محنت کے بل بوتے پر بیسویں صدی میں ملک کی ایک کامیاب کاروباری خاتون کا درجہ حاصل کیا۔

وہ سابقہ غلاموں کی بیٹی تھیں۔ اُنھوں نے ’کاسمیٹکس‘ کی ایک سلطنت کھڑی کی، جو افریقی نژاد امریکی خواتین کے لیے بالوں کی دیکھ بھال اور آرائش و جمال کی مصنوعات تیار کرنے لگی۔ جب 51 برس میں اُن کا انتقال ہوا، وہ امریکہ کی پہلی افریقی نژاد کروڑ پتی خاتون بن چکی تھیں۔ یہ وہ دور تھا جب ابھی غلامی کے خاتمے کو فقط 50 ہی برس کا عرصہ گزرا تھا۔

ایلیلہ بنڈلز، جو اپنی پڑ دادی کے بے انتہا گُن گاتی ہیں، کہا ہے کہ ’’اُنھوں نے ہزاروں خواتین کو روزگار فراہم کیا، اور ایک ہمدرد اور سرگرم سیاسی خاتون کے طور پر اُنھوں نے اپنے پیسے اور اثر و رسوخ استعمال کیا‘‘۔

بنڈلز، ٹیلی ویژن نیوز کی ایک سابق منتظمہ اور سوانح نگار ہیں، جنھوں نے کئی عشروں تک اپنی مشہور محسنہ کی زندگی کے بارے میں تحقیق کی۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’واقعی، وہ ایک خواب کی تعبیر ہیں، وہ امریکی خواب کی علامت ہیں، جو مواقع کی کشادہ دامنی کا ورثہ ہے۔ امریکہ آپ کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے، اپنے آپ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور دوسرے کے بھلے کا سوچنے کے قابل بناتا ہے’’۔

مشکل حالات میں پرورش


میڈم سی جے واکر سنہ 1867 میں لوزیانہ کے شہر، ڈیلٹا میں آزاد ہونے والے غلاموں کے گھر پیدا ہوئیں۔ اُن کی والدہ کا نام، سارا بریڈلو تھا۔ بنڈلز نے بتایا کہ جب 7 برس کی عمر میں وہ یتیم ہوئیں۔ نوجوان، واکر کی زندگی مشکل تر ہوگئی۔ چودھ برس کی عمر میں اُن کی شادی ہوئی، اور اُن کے شوہر کا چند ہی برس بعد انتقال ہوگیا۔

بنڈلز نے بتایا کہ ’’اِس لیے، اُنھیں ہر لحاظ سے ٹھکرایا گیا۔ یہی اُن کا نصیب تھا۔ تاہم، اُن میں پھر سے کھڑے ہونے کی بَلا کی ہمت تھی۔یوں، وہ ہر مشکل سے نکلنے کی ٹھان لیتی تھیں‘‘۔

اپنی محنت سے کروڑ پتی بنیں

وہ ’اینا ملون‘ کے ’بلیک ایئر کیئر‘ کاروبار کی سیلز ایجنٹ بنیں۔ یہ تجربہ حاصل کرنے کے بعد، واکر نے ’بالوں کی دیکھ بھال‘ کی اپنی مصنوعات تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ اُن کے خیال میں یہ ایک ایسا موقعہ تھا جس سے وہ اپنے خاندان، خصوصی طور پر اپنی بیٹی، ایلیلہ کی دیکھ بھال کے بہتر فرائض انجام دے سکتی تھیں۔

XS
SM
MD
LG