رسائی کے لنکس

شمال مغربی پاکستان میں طوفانی بارشوں سے 15 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے شمال مغرب میں طوفانی بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔

آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے حکام کے مطابق ہفتہ کو دیر گئے قبائلی علاقوں اور صوبے کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں سے مختلف گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے جانی نقصان ہوا۔

حکام کے بقول سب سے زیادہ جانی نقصان باجوڑ ایجنسی کے علاقے ماموند میں ہوا جہاں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے کم از کم نو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

باجوڑ کے علاقے ماموند میں ایک مدرسے کی چھت گرنے سے کم از کم چھ بچے ہلاک ہوئے۔

شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی بھی آ گئی جب کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی مقامات پر بڑے درخت اکھڑ کر گر گئے۔

خیبر ایجنسی میں شدید طوفانی بارش کے باعث سڑک کے ایک حادثے میں دو افراد مارے گئے۔

نوشہرہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا جب کہ آندھی کے باعث ایک بڑے اشتہاری بورڈ کے گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

اسی طرح پشاور میں ایک گودام کی چھت گرنے سے بھی جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ادھر سوات میں شدید بارش اور ژالہ باری سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بتایا گیا اور سوات کو مرکزی جی ٹی روڈ سے ملانے والی شاہرہ کئی گھنٹوں تک بند رہی۔

حکام نے متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیاں کر کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ خراب موسم کے باعث ان سرگرمیوں میں کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG