رسائی کے لنکس

راج نیتی کو نمائش کی اجازت


کترینہ کیف فلم راج نیتی میں
کترینہ کیف فلم راج نیتی میں

ممبئی ہائی کورٹ نے پیر کے روز بالی وڈ کی نئی فلم راج نیتی کی ریلیز پر پابندی عائد کرنے کے لیے دائر کی گئی دو مختلف درخواستوں کو خارج کرکے فلمساز پرکاش جھا کی نئی فلم کی ریلیز کو ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔

جھا کی فلم راج نیتی چار جون کو پورے بھارت میں ریلیز ہورہی ہے۔ فلم راج نیتی میں کترینہ کیف، رنبیر کپور، ارجن رام پال، نانا پاٹیکر، نصیرالدین شاہ اور منوج باجپائی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ ریلیز سے قبل ہی کبھی سیاست جیسے حساس موضوع پر مبنی کہانی تو کبھی فلم کی ہیروئین کے کردار کی کانگریس صدر سونیا گاندھی سے مشابہت جیسی مختلف وجوہات کی وجہ سے فلم راج نیتی مسلسل خبروں میں ہے۔

پیر کے روز سیاسی جماعت کانگریس کے رکن نسیم خان نے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی کہانی کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کی زندگی سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے۔ اور اِس فلم سے مِسز گاندھی کا امیج خراب ہوگا اس لیے فلم کی ریلیز پر پابندی لگائی جائے۔ جب کہ ایک دوسری درخواست دائر کرتے ہوئے کہانی نگار یوگیندرا کونکر نے عدالت سے کہا کہ فلم راج نیتی کی کہانی دراصل ان کی اسکرپٹ ہے۔

ممبئی ہائی کورٹ نے دونوں ہی درخواستوں کی سماعت کے بعد فیصلہ ہدایت کار پرکاش جھا کے حق میں سناتے ہوئے فلم کی ریلیز کی اجازت دے دی ہے۔

چونکہ اِس فلم کی کہانی کو بھارتی سیاست کی اہم لیڈر سونیا گاندھی کی زندگی سے جوڑا جارہا ہے اِسی لیے بھارتی سینسر بورڈ کے سامنے بھی فلم کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ اور بات ہے کہ خود فلم کی ہیروئین کترینہ کیف نے اِس بات سے انکار کیا ہے کہ فلم راج نیتی میں اُن کا کردار سونیا گاندھی کی اصل زندگی سے متاثر ہوکر لکھا گیا ہے۔

فلم راج نیتی کی کہانی کو لے کر اٹھے تنازعات کے سبب اور فلم کے ٹریلر کو دیکھنے کے بعد عام آدمی کو اِس فلم کی ریلیز کا بڑی بےچینی سے انتظار ہے۔ فلم کے نغمے خصوصی طور پر ’مورا پِیا’ سنیمابینوں کے درمیان کافی مقبول ہیں۔ اب دیکھنا ہے کہ فلم راج نیتی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کاروبار کرے گی یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG