رسائی کے لنکس

فاروق حیدر پاکستانی کشمیر کے وزیراعظم نامزد


اجلاس میں پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنماؤں کے علاوہ پاکستانی کے زیرانتظام کشمیر سے اس جماعت کے منتخب ہونے والے اراکین نے بھی شرکت کی۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے انتخابات میں کامیاب ہونے والی جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے راجہ فاروق حیدر کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنماؤں کے علاوہ پاکستانی کے زیرانتظام کشمیر سے اس جماعت کے منتخب ہونے والے اراکین نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 41 حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے 31 اُمیدواروں کو کامیابی ملی تھی۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے تمام نو منتخب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی، شفاف اور بدعنوانی سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہیئے۔

وزیراعظم نے کہا ’’کہ اس کے لیے ایک ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دینا ضروری ہے تاکہ کشمیر کی تاریخ میں ہماری اس حکومت کا دور ترقیاتی دور کی حیثیت سے یاد رکھا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ درحقیقت ترقی کا مینڈیٹ ہے اور اس کی خاطر ہم نئی حکومت کی بھرپور مدد کریں گے۔‘‘

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بسنے والوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

XS
SM
MD
LG