رسائی کے لنکس

راجن پور: ڈاکووں کی پولیس پر فائرنگ، اہلکار اور ملاح ہلاک


فائرنگ میں ہلاک ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر خالد گوہر۔ (فائل)
فائرنگ میں ہلاک ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر خالد گوہر۔ (فائل)

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی حصے راجن پور میں کچہ جمال کے علاقے میں پولیس اہلکار سرچ آپریشن کے لیے جا رہے تھے کہ دریائے سندھ میں موجود جرائم پیشہ عناصر نے پولیس کی کشتی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

ڈسڑکٹ پولیس آفیسر راجن پور عتیق طاہر نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع کے مطابق کچہ کراچی کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہوں کا علم ہوا۔

جس کی تلاش میں تھانہ چک چراغ شاہ کی پولیس کو روانہ کیا گیا۔ جن پر جرائم پیشہ افراد نے فائرنگ کر دی۔ عتیق طاہر کے مطابق فائرنگ سے پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر خالد گوہر اور کشتی کا ملاح ہلاک جبکہ دو ایس ایچ اوز سمیت پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمی ایس ایچ او محمد اقبال کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
زخمی ایس ایچ او محمد اقبال کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ او تھانہ بنگلہ اچھا طلب ببر اور ایس ایچ او تھانہ عمر کوٹ محمد اقبال، شہباز، منیر اختر۔ محمد ارشد اور احمد علی کانسٹیبلان شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا ہے۔

عتیق طاہر کے مطابق پولیس کشتی پر فائرنگ دریائے سندھ میں بستی سکھانی کے مقام پر کی گئی۔ شیخ زید اسپتال رحیم یار خان ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈی پی او راجن پور نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ یاد رہے گزشتہ سال اپریل میں پنجاب پولیس نے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا تھا۔ جرائم پیشہ افراد کی جانب سے مذاحمت پر فوج اور رینجرز کو پولیس کی مدد کے لیے جانا پڑا تھا اور چھوٹو گینگ سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG