رسائی کے لنکس

راجیش کھنہ، وقت کے ستم اور بڑھتی ہوئی عمر کے ہاتھوں بیمار ہوگئے


بالی ووڈ فلموں کے پہلے سپر اسٹار، ’کاکا‘ اور’ بابو موشائے‘کے ناموں سے مشہور راجیش کھنہ بڑھتی عمر کے ہاتھوں ان دنوں شدید علیل ہیں ۔ انہوں نے پچھلے کئی دنوں سے کھانا پینا بھی بالکل چھوڑا ہوا تھا تاہم جمعرات کو انہوں نے تھوڑا سا کھانا بھی کھایا اور اہل خانہ کے مطابق ان کی طبیعت میں بھی کچھ بہتری آئی ہے۔

بھارتی ٹی وی آئی بی این نے جمعرات کو ان کے داماد اور اداکار اکشے کمار کے حوالے سے بتایا کہ راجیش کی طبیعت قدرے بہتر ہوئی ہے۔ اکشے کمارنے ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع راجیش کھنہ کی رہائش گاہ ”آشیرواد“ میں میڈیاسے گفتگو میں راجیش کھنہ کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے لاکھوں پرستاروں کی دعاوٴں سے اب بہتر محسوس کررہے ہیں۔

اس سے قبل 69سالہ اداکار راجیش کھنہ کے منیجر اشونی نے خبر دی تھی کہ راجیش کھنہ شدید بیمار ہیں ۔ان کی اہلیہ ڈمپل کپاڈیہ ان کی مسلسل تیمارداری کررہی ہیں جبکہ ان کی بیٹی رنکی بھی اپنے والد کی تیمارداری کی غرض سے ان دنوں ممبئی آئی ہوئی ہیں۔

اشونی کے مطابق راجیش نے پچھلے کئی دنوں سے کھانا پینا چھوڑا ہوا تھا ۔ اس سے قبل اپریل میں بھی راجیش کھنہ کو بے چینی اور کمزوری کی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

راجیش کی خرابی صحت کا سن کر جمعرات کو ان کے درجنوں پرستار ان کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئے۔ وہ راجیش کی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا تھے اور اپنے پسندیدہ فنکار کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر تھے۔ آخر کار پرستاروں کی تسلی کے لئے سہ پہر کے وقت راجیش اپنے گھر کی بالکونی میں آئے اور گھرکے باہرموجود اپنے ڈھیروں پرستاروں کو دیکھ کر خوشی سے ہاتھ ہلایا۔

بڑھتی ہوئی عمر اور کمزوری و بیماری کے سبب راجیش انتہائی لاغر نظر آئے۔ان کی داڑھی بڑھی ہوئی اور بے ترتیب سی تھی تاہم نقاہت کے باوجود ان کے چہرے پر وہی مخصو ص انداز کی مسکراہٹ تھی جو ان کی شخصیت کا خاصا ہے اور جو بہت مشہور ہواکرتی تھی۔ ان کی یہی مسکراہٹ اس دور کی بے شمار لڑکیوں کا دل دھڑکا دیا کرتی تھی۔

راجیش کھنہ نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1966ء میں فلم ”آخری خط“ سے کیا تھا ۔ ”راز“، ”دو راستے“ ، ” اراھنا“،” آنند“، ”امرپریم“،” سفر“ اور ”باورچی “جیسی درجنوں فلموں کے ذریعے انہوں نے فلمی پردے پر برسوں راج کیا ۔ وہ ہندی فلمو ں کے پہلے سپر اسٹار ہیں۔

ان کے پاس یہ اعزاز بھی ہے کہ ان کی ایک کے بعد ایک مسلسل 15فلمیں ہٹ ہوئیں۔ یہ سب کی سب فلمیں سولو سپرہٹ تھیں یعنی ان کی کامیابی کا سہرا صرف اور صرف راجیش کی اداکاری کے سر ہے۔

راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیہ کی راہیں 1982میں جدا ہوگئی تھیں ۔ دونوں فنکار برسوں تک ایک دوسرے سے الگ رہے تاہم ان دنوں ڈمپل اپنے بیمار شوہر کی خدمت اور تیمارداری میں مگن ہیں۔ اور ان کی دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رنکی کھنہ ہیں۔

سن 1960ء سے 1970ء تک کی درمیانی مدت میں راجیش کھنہ کے مد مقابل کوئی دوسرا ہیرو نہیں تھا ۔ وہ 150سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں ۔اس دور میں ان کا نام فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔

XS
SM
MD
LG