رسائی کے لنکس

یومِ مزدور پر دنیا بھر میں تقریبات، جلوس


عالمی یومِ مزدور کے موقع پر ماسکو میں نکلنے والے جلوس کا منظر
عالمی یومِ مزدور کے موقع پر ماسکو میں نکلنے والے جلوس کا منظر

استنبول پولیس کے مطابق پابندی کے باوجود احتجاج کی کوشش کرنے والے 140 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

دنیا کے مختلف ملکوں میں جمعے کو عالمی یومِ مزدور کی مناسبت سے جلسوں، جلوسوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

انڈونیشیا اور فلپائن میں ہزاروں مزدوروں نے کم از کم تنخواہ میں اضافے اور ملازمتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حق میں اور 'ٹھیکے داری' کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف احتجاج کیا۔

جنوب مشرقی ایشیا کے ان دونوں ملکوں میں مزدوروں کی ایک بڑی تعداد دو ڈالر یومیہ سے بھی کم اجرت پر گزر اوقات کرتی ہے جو دنیا کے اکثر ملکوں کے مقابلے میں خاصی کم ہے۔

ان ملکوں میں مزدوروں اور محنت کشوں کو مستقل ملازمت پر رکھنے کے بجائے 'کانٹریکٹ' پر رکھنے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے کیوں کہ 'کانٹریکٹ' مزدوروں کو مستقل ملازمین کی نسبت کم حقوق اور سہولتیں حاصل ہوتی ہیں۔

یومِ مزدور کے موقع پر جنوبی کوریا میں بھی مزدور انجمنوں نے حکومت کی جانب سے مجوزہ لیبر اصلاحات کے خلاف احتجاج کیا۔ مزدور رہنماؤں نے حکومت کو اصلاحات سے دستبردار نہ ہونے پر ملک گیر ہڑتال کا انتباہ دیا ہے۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی مزدوروں اور محنت کشوں نے جمعے کو یومِ مزدور کے موقع پر احتجاج کیا۔ مظاہرین مزدوروں کےلیے سہولتوں میں اضافے اور مختلف شعبوں میں مقامی افراد پر غیر ملکی ہنرمندوں کو ترجیح نہ دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

عالمی یومِ مزدور کے موقع پر ترکی میں صورتِ حال خاصی کشیدہ رہی جہاں بائیں بازو اور قوم پرست حلقوں سے تعلق رکھنے والی مزدور انجمنوں کے احتجاج کو روکنے کے لیے اہم شہروں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

مظاہروں پر پابندی کے باوجود استنبول کے 'تقسیم اسکوائر' پر جمع ہونے والے سیکڑوں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور پانی کی تیز دھار استعمال کی جس کے جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔

استنبول پولیس کے مطابق پابندی کے باوجود احتجاج کی کوشش کرنے والے 140 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

یونان میں یومِ مزدور کی مناسبت سے مزدور انجمنوں نے 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ جمعے کو ہڑتال کے دوران ہزاروں مزدوروں نے دارالحکومت ایتھنز میں ان معاشی اصلاحات کے خلاف احتجاج کیا جن کا مطالبہ یونان کو قرض دینے والے یورپی ممالک اور بین الاقوامی ادارے کر رہے ہیں۔

دریں اثنا جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں دہشت گرد حملے کے خدشے کے پیشِ نظر حکام نے یومِ مزدور کی مناسبت سے ہونے والی سائیکل ریس منسوخ کردی ہے۔

XS
SM
MD
LG