رسائی کے لنکس

رمضان کا آخری عشرہ، لاکھوں افراد خصوصی عبادات میں مشغول


اعتکاف کے لئے ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ مشکوک افراد پر نظر رکھی جا رہی ہے

پاکستان میں منگل کی شام سے رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کی عبادات کا آغاز ہو گیا ہے اور لاکھوں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔ عبادت گزار عید کا چاند نظر آنے تک مساجد میں ہی رات دن قیام کریں گے۔

اعتکاف کے لئے ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ مشکوک افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔ کراچی میں سب سے زیادہ افراد پرانی سبزی منڈی میں واقع مسجد فیضان مدینہ میں بیٹھتے ہیں۔

مسجد انتظامیہ کے ایک عہدیدار شاہد عطاری نے ’وی او اے‘ کو بتایا کہ یہاں اعتکاف میں بیٹھنے والے افراد کی تعداد اس قدر زیادہ ہوتی ہے کہ انتظامیہ کو یا تو قرعہ اندازی کرنا پڑتی ہے یا پھر انہیں زبردستی شارٹ لسٹ کیا جاتا ہے۔ یہاں ہر سال تقریباً 5ہزار افراد اعتکاف میں بیٹھتے ہیں جبکہ خواہشمندوں کی تعداد اس سے ڈبل ہوتی ہے۔

کراچی کے علاوہ لاہور کی بادشاہی مسجد اور مسجد القادسیہ چوبرجی میں بھی سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اعتکاف میں بیٹھتے ہیں۔ چوبرجی میں خواتین کے اعتکاف میں بیٹھنے کے بھی انتظامات خصوصی طور پر کئے جاتے ہیں۔ یہاں بھی اعتکاف میں بیٹھنے سے پہلے باقاعدہ رجسٹریشن کرانا پڑتی ہے۔

رمضان کے تیسرے عشرے میں طاق راتوں کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ تمام مسلمان ان راتوں میں زیادہ سے زیادہ عبادات کرتے ہیں خواہ وہ اعتکاف میں بیٹھیں یا نہ بیٹھیں۔ ایسے میں مساجد میں بھی نمازیوں کا رش غیر معمولی طور پر بڑھ جاتا ہے۔ لہذا، سیکورٹی کے انتظامات بھی اسی حساب سے کرنا پڑتے ہیں۔

کراچی پولیس کے مطابق اعتکاف شروع ہونے کے ساتھ ہی مساجد کے آس پاس اور اندر سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ بڑی اور حساس مساجد کے اردگرد نماز تراویخ کے دوران پولیس موبائلیں موجود رہیں گی، جبکہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار بھی ہر آنے جانیوالے پر نظر رکھیں گے۔
XS
SM
MD
LG