رسائی کے لنکس

امریکہ میں جمعے کو رمضان کا پہلا روزہ


زیادہ تر عرب دنیا اور ایشیا کے کئی حصوں میں بھی جمعے کو ہی ماہ رمضان کا پہلا روزہ رکھا گیا۔

امریکہ میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز جمعہ 20 جولائی کو پہلے روزے کے ساتھ ہوگیا ہے۔

شمالی امریکہ کی فقہ کونسل نے ، جو اس ملک میں اسلامی قوانین کی تشریح و وضاحت کرتی ہے ، جمعے کو ملک بھر رمضان کے پہلے روزے کا اعلان کیا۔

زیادہ تر عرب دنیا اور ایشیاکے کئی حصوں میں بھی جمعے کو ہی ماہ رمضان کا پہلا روزہ رکھا گیا۔

کونسل کے مسلم اسکالرز نے اپنا یہ فیصلہ سائنسی اعدادوشمار کی بنیاد پر کیا۔

ان اعدادوشمار کے نتیجے میں ان کے لیے برسوں پہلے سے یہ تعین کرنا ممکن ہوگیا ہے کہ رمضان کا چاندکب دکھائی دے گا۔

رمضان المبارک کے آغاز کا فیصلہ کرنے کا ایک اور مروجہ طریقہ اپنی آنکھوں سے چاند دیکھنایا اس بارے میں مصدقہ شہادتیں اکھٹی کرنا ہے ۔ لیکن امریکہ میں زیادہ تر مسلمان برسوں سے سائنسی اعدادوشمار کی بنیاد پر ہی روزوں کے مہینے کے آغاز کا فیصلہ کرتے آرہے ہیں۔

امریکہ میں مسلمانوں کی تنظیم اثنا کے صدر محمد ماجد کا کہناہے کہ اب تک یہ نظام بخوبی چل رہاہےاور یہاں زیادہ تر مسلمان اسی پر عمل کرتے ہیں اور اس نظام سے مسلم کمیونٹی کو بڑی مدد مل رہی ہے۔

تاہم امریکہ کی کئی مسلمان کمیونٹیز چاند دیکھ روزہ رکھنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔ دارالحکومت واشنگٹن میں انڈونیشین مسلم ایسوسی ایشن کے ارکان رمضان کا فیصلہ چاند دیکھنے کے بعد ہی کرتے ہیں۔

دارالحکومت میں واقع اسلامک سینٹر آف واشنگٹن ڈی سی ، جس کا شمار علاقے کی سب سے بڑی مسجد میں ہوتا ہے، جمعرات کی شام یہ فیصلہ کیا کہ رمضان المبارک کا آغاز جمعے سے ہوگا۔

رمضان المبارک کے دوران امریکہ بھر کی مساجد میں رات کے وقت تراویح کے بڑے بڑے اجتما ع ہوتے ہیں اور خصوصی دینی مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

مسلم تنظیموں کا کہناہے کہ امریکہ میں تقریباً 70 لاکھ مسلمان آباد ہیں۔
XS
SM
MD
LG