رسائی کے لنکس

logo-print

رنبیر اب کشور کمارکے روپ میں جلوہ گر ہونگے


رنبیر کپور

جوان دلوں کی دھڑکن اور بالی وڈ کا نیا ابھرتا چہرہ رنبیر کپور بہت جلد ہندی فلم موسیقی کی تاریخ کے عظیم گلوکار کشور کمار کا کردار فلمی پردے پر نبھائیں گے۔ اپنے فلمی کیریئر کے آغاز میں ہی فلم راج نیتی میں خاموش مگر شاطر دماغ سیاستدان ثمر پرتاپ سنگھ کا کردار کرکے فلم ناقدین اور سینمابینوں کی داد حاصل کرنے والے کپور خاندان کے چراغ رنبیر کے لیے کشور کی زندگی کو فلمی پردے پر جینا کسی مشکل امتحان سے کم نہیں ہوگا۔


اِس پروجیکٹ کو گینگسٹر اور لائف اِن میٹرو جیسی ہٹ فلموں کے ہدایت کار انور اگ باسو ڈائریکٹ کریں گے۔ فی الحال رنبیر گلوکار کشور کی زندگی کے ہر پہلو کو سمجھنے کی کوشش میں اُن پر لکھی گئی کتابوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ رنبیر کے مطابق اِس فلم کے ذریعے ہم ان کی زندگی، ان کے جنون اور ان کے کام کی ستائش کریں گے اور فلم بناتے وقت ہمیں یہ خیال رکھنا ہوگا کہ فلم ملک کے نامور گلوکار کی زندگی پر بن رہی ہے۔


کشور کمار کے کردار کے لیے ماضی میں ویک اپ سِدھ اور عجب پریم کی غضب کہانی جیسی ہٹ فلمیں کرچکے رنبیر کے انتخاب پر فلمساز باسو نے کہا کہ رنبیر کا معصوم چہرہ اور فنی صلاحیت کشور کمار کی اُلجھی مگر جذباتی شخصیت کی صیحح عکاسی فلمی پردے پر کرے گی۔


خبروں کے مطابق کشور کمار کی اہلیہ لینا چندرورکر نے اپنے شوہر کی زندگی پر فلم بنانے کے حقوق یو ٹی وی موشن پکچرز کو دیے ہیں۔ چندرورکر خوش ہیں کہ کشور کے کردار کے لیے راج کپور کے پوتے رنبیر کو چُنا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG