رسائی کے لنکس

'فلم 'سپر اسٹار' میں میرا کردار رنویر سنگھ سے متاثر ہے'


بالی وڈ کے گلی بوائے رنویر سنگھ کے چاہنے والوں میں ہر عمر اور ہر طبقے کے لوگ شامل ہیں جو نہ صرف ان کی ایکٹنگ کے دیوانے ہیں بلکہ رنویر کے ڈگر سے ہٹ کر اپنائے جانے والے تمام فیشن اسٹائل اور فیشن اسٹیمنٹ پر بھی فدا ہیں۔

لگتا ہے کہ پاکستان کے ابھرتے فلم اسٹارز بھی رنویرسنگھ سے متاثرہیں۔ اس کی تازہ مثال بلال اشرف کا نیا اسٹائل ہے جو انہوں نے فلم 'سپر اسٹار' میں اپنایا ہے۔

بلال اشرف اور ماہرہ خان کی نئی فلم 'سپر اسٹار' عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہو رہی ہے۔ فلم کی پروموشن کے لیے 'سپراسٹار' کے ایک کے بعد ایک گانے ریلیز ہو رہے ہیں۔

نیا گانا 'دھڑک بھڑک' ریلیز ہوا تو دیکھنے والوں نے کہا 'ارے یہ تو رنویر سنگھ کی فلم 'گولیوں کی راس لیلا رام لیلا' کے گانے 'تڑک تڑک' کی یاد دلا گیا۔ رنویر کی طرح ہی بلال اس گانے میں شرٹ لیس نظر آ رہے ہیں۔

بلال اشرف نے اپنے رول کے بارے میں انگریزی اخبار ٹری بیون سے انٹرویو میں بتایا کہ ' میرا ادا کردہ سمیر کا کردار دو پرتوں میں چھپا ہوا ہے۔ ایک میں وہ عام سا لڑکا ہے تو دوسرے میں اسے بہت شریر دکھایا گیا ہے۔'

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'مجھے یہ اعتراف کرنے میں کوئی جھجک نہیں کہ یہ کردار سو فیصد رنویر سنگھ سے متاثر ہے۔ '

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'جب میں نے یہ پڑھا کہ سمیر کے کردار کا موازنہ رنویر سنگھ کے ادا کیے جانے والے کریکٹر سے کیا جا رہا ہے تو میں نے کہا "زبردست۔" اصل میں، میں نے اس گانے میں سمیر خان کا نہیں بلکہ ملہاری یا رنویر کے کسی بھی دوسرے گانے کی طرح کا کردار نبھایا ہے۔ اس گانے کو میں نے چیلنج کے طور پر لیا اور یہ فزیک بنانے میں مجھے پورا سال لگا۔'

'سپر اسٹار' میں اپنی کو اسٹار ماہرہ خان، ڈائرکٹر احتشام الدین اور رائٹر کمپوزر اذان سمیع خان کے ساتھ کام کا تجربہ کیسا رہا ؟ اس کے جواب میں بلال اشرف کا کہنا تھا کہ احتشام اداکار کو سمجھتے ہیں۔ انہیں کام کی بہت سمجھ ہے۔ ماہرہ اور اذان کے ساتھ تجربہ بہت شاندار رہا۔ ماہرہ سے دوسرے اداکار کافی کچھ سیکھ سکتے ہیں۔'

فلم میں ویٹرن ایکٹر ندیم بیگ اور جاوید شیخ کی موجودگی پر بلال نے کہا کہ 'لیجنڈز کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھا۔ جب میں نے فلم سپر اسٹار سائن کی تو باقی سب چیزوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فلم مکمل ہونے کے بعد میں خود کو مختلف انسان محسوس کر رہا ہوں۔'

XS
SM
MD
LG