رسائی کے لنکس

رتنم کی نئی فلم ‘راون’، ہندی کےعلاوہ تامل اورتیلگو میں رلیزہونےوالی ہے


سنیما
سنیما

بھارتی فلمساز منی رتنم کی نئی فلم ‘راون’ کے چرچے اِن دِنوں سنیمابینوں کی زبان پرچھائے ہوئے ہیں۔

ٹیلی ویژن پرنشر کیے جانے والے فلم راون کے ٹریلر کو دیکھ کر یہ بات ایک بار پھر ثابت ہوگئی ہے کہ بھارتی فلمی صنعت میں منی رتنم ایک ایسا نام ہے جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ اُن کی منفرد فلمیں ہی رتنم کی پہچان ہیں۔

حال ہی میں فلم راون کے میوزک کی رونمائی ممبئی میں کافی شاندار طور پر کی گئی۔ منی رتنم اپنی فلم کو ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو زبان میں ایک ساتھ ریلیز کرنے کی تیاری میں ہیں۔

فلم میں راون کا مرکزی کردار ابھیشیک بچن اور سیتا کا کردار ایشوریا رائے بچن کررہی ہیں۔ جب کہ رام کا کردار تامل فلموں کا نامور ہیرو وکرم اور بالی وڈ ہیرو گوندا ہنومان کے روپ میں نظر آئیں گے۔ یوں تو فلم جون کے مہینے میں ریلیز کی جائے گی تاہم یہ افواہیں کافی گرم ہیں کہ منی اور رینسِل ڈی سلوا نے جدید دور میں فلمائی گئی راون فلم کی کہانی رامائن سے متاثر ہوکر لکھی ہے۔

فلم نقاد اورصحافی فہیم روحانی نے وی او اے اردو ویب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برائی پر اچھائی کی جیت یہی فلم راون کی کہانی کا نچوڑ ہے اور چونکہ ابھیشیک راون کا کردار کررہے ہیں اسی لیے فلم کے ٹریلر اور اشتہاروں میں وہ صرف سیاہ رنگ کے کپڑے زیب تن کیے نظر آرہے ہیں۔

فلم راون میں بیرا کا منفی مرکزی کردار کررہے ابھیشیک نے یہ اعتراف کیا ہے کہ منی رتنم کی نئی فلم اُن کے فلمی سفر کی اب تک کی سب سے مشکل اور بطور اداکار چیلنج بھری فلم تھی۔ خیال رہے کہ فلم کا بیشتر حصہ کیرالا، اونٹی، جھانسی، کولکوتا اور مہاراشٹر کے گھنے جنگلوں میں فلمایا گیا ہے۔ اور شوٹنگ کے دوران فلم کے پورے یونٹ کو جنگل کے سانپ، چھپکلیاں اور دیگر خطرناک جنگلی جانوروں سے واسطہ پڑا۔ یہی نہیں فلم کے ایک منظر میں ابھیشیک کو نوے فٹ کی اونچائی سے پانی میں چھلانگ لگانا تھی۔

فلم راون کے نغمے بھی خصوصی طور پر ’بیرا’ اور ’مجھے بہنے دے’ دھیرے دھیرے عوام میں کافی مقبول ہو رہے ہیں۔ راون فلم میں موسیقی آسکر یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے تیار کی ہے جب کہ نغموں کے بول گلزار نے لکھے ہیں۔ اس سے قبل بھی رحمان روجا، بامبے، یوا اور گرو جیسی منی رتنم کی متعدد ہٹ فلموں کےلیے یادگار موسیقی تخلیق کرچکے ہیں۔ رحمان اور منی رتنم کی جوڑی کے پرانے کامیاب ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ تاریخ اپنےآپ کو دوہرانے کے لیے بےقرار ہے۔

XS
SM
MD
LG