رسائی کے لنکس

آرڈی برمن ، اپنی دھنوں میں آج بھی زندہ ہیں


آرڈی برمن ، اپنی دھنوں میں آج بھی زندہ ہیں
آرڈی برمن ، اپنی دھنوں میں آج بھی زندہ ہیں

انہوں نے بے شمار کامیاب و یادگار گانے دیئے اور موسیقی کی دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی

بالی ووڈ فلموں کے ناقابل فراموش موسیقار آر ڈی برمن کواگر زندگی موقع دیتی تو وہ آج اپنا 72واں جنم دن مناتے لیکن وہ چارجنوری 1994ء کو محض54 سال کی عمر میں اس دنیا سے کوچ کرگئے۔ انہوں نے بے شمار کامیاب و یادگار گانے دیئے اور موسیقی کی دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔

لیجنڈری میوزک ڈائریکٹرسچن دیو برمن کے سپوت راہول دیو برمن جنہیں دنیا آر ڈی برمن اور پنجم دا کے نام سے بھی یاد کرتی ہے ، فلمی موسیقی کا ایسا نام ہے جس نے ہر دور میں نئے تجربات کئے اور ہر تجربے پر اپنا لوہا منوایا۔ وہ 1961ء میں فلموں میں آئے ۔ یہ سولو سونگ اور کلاسیکل فلموں کا دور تھا ۔ "آپ کی قسم" اور" آندھی "آر ڈی برمن کے سروں سے سجی اسی دور کی کامیاب ترین فلمیں ہیں ۔

’دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی فرصت کہ رات دن‘، ’ تیرے بنا زندگی سے کوئی شکوہ تو نہیں‘اور ’کروٹیں بدلتے رہے ساری رات ہم‘ آرڈی برمن کی دلکش تانوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ستر کی دھائی کے آخری سالوں میں فلمی موسیقی نے ایک اور کروٹ لی ۔ اس دور میں" پنچم دا" نے کیبرے سانگ متعارف کرایا جو ہٹ ، سپرڈوپر ہٹ ہوا۔خاص کر فلم کارواں یہ گانا" پیا تو اب تو آجا۔۔۔"

اسی دور میں دیوآنند فلم " ہرے راما ہرے کرشنا " لے کر آئے جس نے زینت امان کو تو ہیروئن بنایا ہی ان پر پکچرائز ہونے والے گانے " دم مارو۔۔دم ۔۔۔"کا میوزک دے کر آر دی برمن بھی فلموں میں امر ہوگئے۔

1980ء میں پنچم دا لیجنڈ سنگر آشا بھوسلے کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ۔ اس وقت کی ٹاپ موسٹ سنگر اور سروں کے بادشاہ آرڈی برمن ایک ہوئے تو پھر ان کے سامنے بھلا کون ٹک سکتا تھا۔ دونوں کے کامبی نیشن نے میوزک انڈسٹری کو انگنت اور وہ لازوال گیت دیئے جو اپنا جواب آپ تھے۔

سن اسی کی دھائی میں زمانہ بدلا تو آرڈی برمن نے بھی زمانے کے ساتھ اپنے میوزک کو نئے انداز میں ڈھال دیا اور نوجوان نسل کو وہ لو سانگز دیئے جو اس وقت کی ڈیمانڈ تھے۔ مثلاً فلم " اے لو اسٹوری 1942ء کا گیت "ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا"

آر ڈی برمن اپنی موسیقی کے ذریعے33 سالوں تک لوگوں کے ذہنوں پر چھائے رہے ۔ گوکہ اب وہ اس دنیا میں نہیں لیکن ان کی دھنیں سننے والوں کوآج بھی اپنے سحرمیں جکڑے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG