رسائی کے لنکس

نوبیل امن ایوارڈ 2016ء کے لیے ریکارڈ نامزدگیاں


فائل
فائل

نارویجن نوبیل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 2016ء کے نوبیل امن انعام کے لیے رواں سال 376 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

امن کے نوبیل انعام کے منتظم ادارے کا کہنا ہے کہ رواں سال کے ایوارڈ کے لیے اسے ریکارڈ نامزدگیاں موصول ہوئی ہیں۔

نارویجن نوبیل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر اولاوف جولسٹڈ کے مطابق 2016ء کے نوبیل امن انعام کے لیے رواں سال 376 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جو 2014ء میں قائم ہونے والے 278 نامزدگیوں کے ریکارڈ سے کہیں زیادہ ہیں۔

منگل کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے اولاوف جولسٹڈ نے کہا کہ انہیں اتنی بڑی تعداد میں نامزدگیوں پر خوش گوار حیرت ہوئی ہے تاہم وہ نامزدگیوں میں اس ریکارڈ اضافے کی کوئی توجیح پیش کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی نامزدگیوں کی فہرست خاصی متنوع ہے جس میں امریکی صدارت کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ سے لے کر کولمبیا میں باغیوں کے ساتھ امن مذاکرات کرنے والے اہلکاروں تک ہر طرح کے لوگ شامل ہیں۔

نوبیل کے امن انعام کے لیے نامزدگی کا اختیار دنیا بھر کے ارکانِ پارلیمان اور ماضی میں یہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں سمیت اپنے اپنے دائروں میں با اثر ہزاروں افراد کو حاصل ہے جو ہر سال انفرادی یا اجتماعی طور پر ایسے افراد کو اس اعلی انعام کے لیے نامزد کرتے ہیں جنہوں نے دنیا یا کسی خطے میں قیامِ امن کے لیے کوئی نمایاں کردار ادا کیا ہو۔

انعام کے لیے نامزدگیوں کی آخری تاریخ یکم فروری تھی جب کہ ایوارڈ کا اعلان رواں سال اکتوبر میں کیا جائے گا۔

ایوارڈ کے حق دار کا فیصلہ ایک پانچ رکنی خصوصی کمیٹی کرتی ہے جس کا پہلا اجلاس پیر کو اوسلو میں منعقد ہوا تھا جس کے بعد ایوارڈ کے لیے موصول ہونے والی نامزدگیوں کی حتمی تعداد کا اعلان کیا گیا ہے۔کمیٹی کے آئندہ مہینوں کے دوران میں کئی اجلاس ہوں گے جس میں نامزدگیوں کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جائے گا۔

رواں سال جن افراد کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے ان میں یونان کے جزائر کے وہ رہائشی بھی شامل ہیں جو بحیرۂ روم عبور کرنے والے شامی مہاجرین کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔

گزشتہ سال کا نوبیل امن انعام تیونس میں جمہوریت کے فروغ کے لیے جدوجہد کرنے والی چار تنظیموں کے اتحاد 'نیشنل ڈائیلاگ کوارٹیٹ' کو دیا گیا تھا جس پر کئی حلقوں نے حیرت ظاہر کی تھی۔

معروف سائنس دان الفریڈ نوبیل سے منسوب امن ایوارڈ کے فاتحین کو سند اور میڈل کے علاوہ 80 لاکھ سوئیڈش کراؤن (لگ بھگ نو لاکھ 30 ہزار ڈالر) کی رقم بھی ملتی ہے۔

XS
SM
MD
LG