رسائی کے لنکس

پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: پہلے ٹی20 میں بننے والے دلچسپ ریکارڈز


کرکٹ کی تاریخ میں یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کا دوسرا بڑا مارجن ہے۔ اس سے قبل 2007ء میں جوہانسبرگ میں ورلڈ ٹی20 میں سری لنکا نے کینیا کو 172 رنز سے ہرایا تھا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والا تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کئی حوالوں سے یادگار رہے گا۔

سب سے بڑا حوالہ تو یہی ہے کہ کراچی میں نو سال بعد انٹرنیشنل میچ ہوا جس سے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کے دروازے کھلے۔

یہی نہیں بلکہ اس میچ میں کئی قابل ذکر ریکارڈز بنے اور ٹوٹے۔ آئیے انہی ریکارڈز پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

بڑے مارجن سے فتح

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 143 رنز کے بڑے مارجن سے فتح اپنے نام کی جو ریکارڈ کا حصہ بن گئی اور شاید کافی عرصے تک یہ ریکارڈ توڑنا اتنا آسان نہ ہو۔

کرکٹ کی تاریخ میں یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کا دوسرا بڑا مارجن ہے۔ اس سے قبل 2007ء میں جوہانسبرگ میں ورلڈ ٹی20 میں سری لنکا نے کینیا کو 172 رنز سے ہرایا تھا۔

سب سے کم اسکور

اتوار کے میچ میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کا صرف 60 رنز پر ڈھیر ہوجانا پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ آٹھ سال پہلے یعنی 2010ء میں نیوزی لینڈ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے صرف 80 رنز ہی بناسکا تھا۔ پاکستان نے یہ میچ 103 رنز کے مارجن سے جیتا تھا۔

ویسٹ انڈیز کو سب سے بڑی شکست

اتوار کا میچ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹی 20 میں سب سے بڑی شکست کا سبب بنا۔ رواں سال یہ دوسرا موقع ہے جب ویسٹ انڈیز کو بڑی شکست کا منہ دیکھنا پڑا کیوں کہ رواں سال جنوری میں ہی نیوزی لینڈ نے اسے 119 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کا چوتھی مرتبہ 200 سے زائد رنز بنانا

پاکستان کا چوتھی مرتبہ 200 سے زائد رنز بنانا بھی ایک دلچسپ ریکارڈ ہے۔ مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 203 رنز بنانا تاریخ کا چوتھا واقعہ ہے۔ اتوار کے میچ میں پاکستان چوتھی مرتبہ 200 سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔

ایک جیسے دو اسکور۔۔۔ ’حسنِ اتفاق‘

حسنِ اتفاق ہے کہ 10 سال پہلے بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف کراچی کے اسی نیشنل اسٹیڈیم میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہی 203 رنز بنائے تھے۔

XS
SM
MD
LG