رسائی کے لنکس

ہیٹی کے لیے ریڈکراس کی 10 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل


ریڈکراس کی عالمی فیڈریشن اور ریڈ کریسنٹ سو سائیٹیز نے ہیٹی کے لیے 10 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔ اس رقم سےتین لاکھ افراد کے لیے ہنگامی امدادی سرگرمیوں اوراگلے تین برسوں کے دوران ان کی ضرورتیں پوری کرنے میں مدد مل سکے گی ۔


ریڈکراس کی بین الاقوامی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ انہیں فوری طورپر ہیٹی کے تباہ کن زلزلے کے ہزاروںمتاثرہ ہزاروں افرادکے لیے زندگیاں بچانے کی ہنگامی امداد کی ضرورت ہے۔

لیکن ریڈ کراس کے ترجمان Matthew Cochrane نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ متاثرہ افراد کی ضروریات انہیں فوری طورپر فراہم کی جانے والی امداد سے کہیں زیادہ ہیں ، اور یہ ہی وجہ ہے کہ ادارے کو 10 کروڑ ڈالر کی اپیل کرناپڑی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں زندگیاں مکمل طورپر تباہ ہوچکی ہیں۔ عمارتیں ملبے کھ ڈھیر بن چکی ہیں۔ کمیونٹی کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طورپر تباہ ہوچکا ہے اور ہم ہیٹی میں اگلے چھ سے نوماہ میں امدادی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد ، ان کی بحالی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے پرعزم ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ریڈ کراس انسانی ہمدردی کی کارروائیوں میں اضافے کے لیے درکار تمام عوامل کو بہتر طورپر بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے چند روز کے دوران ، 22 ٹن امدادی سامان لے کر دو طیارے ہیٹی کے دارلحکومت پورٹ او پرنس اترچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 50 بستروں پر مشتمل ایک فیلڈ اسپتال اور قدرتی آفت سے نمٹنے کے ماہرین کا ایک امدادی قافلہ زمینی راستے سے ڈومینیکن ری پبلک سے ہیٹی پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کو خوراک، پانی ، طبی امداد اور پناہ گاہوں کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے ہفتوں میں ریڈکراس پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے اپنی کوششوں پر زیادہ توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا آلودہ پانی کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیٹی کے باشندوں کے لیے پیچش اور اسہال کی بیماریوں کا خطرہ زلزلے سے قبل بھی درپیش تھا اوراب اس تباہی کے نتیجے میں ، جس سے بنیادی سماجی سہولتوں کا نظام تباہ ہو چکا ہے ،اس بارے میں بڑے پیمانے پر یہ خدشات موجود ہیں کہ ایسی وبائیں پھوٹ پڑیں گی جو مکمل طورپر قابل علاج ہیں اور جن سے بچاؤ ممکن ہے لیکن جو بہر طور بہت مہلک ہیں۔ اسی لیے ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اب تک ، بین الاقوامی امدادی سرگرمیوں کا محور دارالحکومت پورٹ۔ او پرنس رہا ہے۔ لیکن اس سے باہر کے علاقوں پر ، وہاں پہنچنے کی مشکلات کےباعث کم توجہ دی جا سکی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ریڈ کراس نےتین مقامات پر زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے شدید نقصانات کے بارے میں ابتدائی تخمینے لگائے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ امدادی کارکنوں کے مطابق لیوگانے کا قصبہ 80 سے90 فی صد کے درمیان تباہ ہوچکاہے۔

ان کا کہنا ہے کہ Gressier کا قصبہ 50 فی صد تک تباہ ہوچکا ہے اور انہوں نے بتایا کہ ایسی اطلاعات موجود ہیں کہ Carrefour کے قصبے میں لوگ ابھی تک عمارتوں کے ملبوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG