رسائی کے لنکس

ریڈ کراس کی جانب سے پاکستانی سیلاب زدگان کی امداد میں اضافہ


پاکستانی سیلاب زدگان امدادی کھانے کی قطار میں
پاکستانی سیلاب زدگان امدادی کھانے کی قطار میں

عالمی ریڈکراس کمیٹی نے پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد اور بحالی کیلیے جاری سرگرمیوں کی مد 76 ملین ڈالرز کی اضافی رقم کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

جنوبی ایشیاء میں گروپ کے سربراہ جیکوس ڈی مایو کی جانب سے جمعرات کے روز جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اعلان کردہ اضافی رقم سے ادارہ سیلاب سے متاثرہ 14 لاکھ افراد کو خوراک، صاف پانی اور علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔

پاکستان میں اس سال ہونے والی مون سون کی طوفانی بارشو ں کے باعث آنے والے سیلاب سے ملک کا 5/1 حصہ شدید متاثر ہوا ہے ۔ سیلاب سے 1600 سے زائد افراد ہلاک جبکہ لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آئی ہے۔ عالمی اداروں کے اندازوں کے مطابق سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد دو کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

اعلامیہ کے مطابق عالمی ریڈ کراس کمیٹی نے پاکستانی ہلالِ احمر سوسائٹی کے اشتراک سے سیلاب کے فوری بعد صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ساڑھے تین لاکھ سے زائد سیلاب زدگان تک امدادی اشیاء پہنچا ئی تھیں جبکہ ادارے کی جانب سے گزشتہ چھ ہفتوں سے جاری امدادی سرگرمیوں سے اب تک 14 لاکھ سیلاب زدگان مستفیض ہوچکے ہیں۔

جیکوس ڈی مایو کے مطابق سیلاب زدگان کی ضروریات اورجاری امدادی سرگرمیوں میں وسیع خلاء موجود ہے جسے پر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق عالمی ادارہ دوسرے مرحلے میں سیلاب سے متاثر ہونے والے تین لاکھ کسانوں میں بیج اور زرعی آلات تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں میں آبی گزرگاہوں اور طبی مراکز کی تعمیر و مرمت کا کام بھی انجام دے گا۔

XS
SM
MD
LG