رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: احتجاجی کیمپ خالی کرنے تک حکومت کا مذاکرات سے انکار


ہم خون ریز تعطل کے خاتمے کی امید میں سینیٹ کی ثالثی میں امن مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں: سرخ پوش رہنما

تھائی لینڈ کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ سرخ پوش راہنماؤں سے اس وقت تک مذاکرات نہیں کریں گے جب تک مظاہرین اپنا کئی دنوں سے جاری تشدد ختم کرتے ہوئے بنکاک کے مرکز میں اپنے اڈے کو خالی نہیں کردیتے۔
کابینہ کے ایک وزیر ستیت وانگ نانگ توئے نے منگل کے روز یہ پیغام ٹیلی ویژن پر قومی سطح پر دکھائے جانے والے ایک انٹرویو میں دیا۔
اس سے قبل سرخ پوش راہنماؤں نے کہا تھا کہ وہ خون ریز تعطل کے خاتمے کی امید میں تھائی سینیٹ کی ثالثی میں امن مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تھائی فوجیوں نے جمعرات کے روز سرخ پوشوں کے ٹھکانے کے گرد گھیرا ڈالنا شروع کیاتھا تاکہ مظاہرین کو وہاں سے نکلنے پر مجبور کیا جاسکے۔ اس کے بعد سے تشدد میں اضافے سے 37 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور دارالحکومت کے کچھ حصے میدان جنگ کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔
مظاہرین زیادہ تر سابق وزیر اعظم تھاکسن شنوترا کے حامی ہیں اور موجودہ حکومت سے استعفی دینے اور نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ تھائی حکام نے تشدد بھڑکانے کا الزام دے کر متعدد مظاہرین کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ حکام نے ان مظاہرین کو دہشت گرد کا خطاب دے رکھا ہے۔



XS
SM
MD
LG