رسائی کے لنکس

رحمٰن ملک مشیر داخلہ مقرر


رحمن ملک (فائل فوٹو)
رحمن ملک (فائل فوٹو)

عدالت عظمٰی کی جانب سے رحمٰن ملک کی پارلیمانی رکنیت کی معطلی کے بعد اُنھیں وزیرِاعظم کا مشیر برائے داخلہ اُمور مقرر کر دیا گیا ہے۔

کابینہ سیکریٹیریٹ سے منگل کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے یہ تقرری وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی سفارش پر کی ہے۔

اس حیثیت میں بھی رحمٰن ملک کو وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہو گا۔

پارلیمان کے اراکین کی دہری شہریت سے متعلق مقدمے کی پیر کو سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے عبوری حکم دیتے ہوئے رحمٰن ملک کی سینیٹ کی رکنیت معطل کر دی تھی۔

چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کے مطابق رحمٰن ملک اپنی برطانوی شہریت سے دست بردار ہونے سے متعلق مستند دستاویزات عدالت کے سامنے پیش نہیں کر سکے۔

اس فیصلے کے بعد وہ وفاقی وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز نہیں رہے تھے۔

عدالت عظمی نے گزشتہ ماہ حکمران پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن قومی اسمبلی فرح ناز اصفہانی کی رکنیت بھی معطل کر دی تھی کیوں کہ اُنھوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکی شہریت رکھنے کا اعتراف کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG