رسائی کے لنکس

شام: روسی فضائی حملوں میں تقریباً 400 افراد ہلاک


روسی ایس یو 25 لڑاکا طیارے
روسی ایس یو 25 لڑاکا طیارے

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران، سینکڑوں روسی فضائی حملے کیے گئے جن میں 370 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے داعش کے 243 باغیوں کے علاوہ شام میں القاعدہ کا دھڑا، ’النصرہ محاذ‘ شامل ہے؛ جب کہ 127 شہری تھے

سرگرم کارکن گروپوں پر مشتمل ذرائع کے مطابق، شام میں روسی فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک تقریباً 400 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں سے ایک تہائی تعداد سویلین کی ہے، جس کا آغاز تین ہفتے قبل ہوا۔

برطانیہ میں قائم ’سیریئن آبزرویٹری فور ہیومن رائٹس‘ نے، جس کی رپورٹ شام کے اندر موجود سرگرم کارکنوں کی اطلاعات پر مبنی ہے، منگل کے روز بتایا کہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران، سینکڑوں روسی فضائی حملے کیے گئے جن میں 370 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے داعش کے 243 باغیوں کے علاوہ شام میں القاعدہ کا دھڑا، ’النصرہ محاذ‘ شامل ہے؛ جب کہ 127 شہری تھے۔

گروپ نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے سویلین میں 36 بچے اور 34 خواتین ہیں۔

روس نے گذشتہ پیر کے روز صوبہ لتاکیہ کے ’جبل الکراد‘ کے خطے میں باغیوں کو نشانہ بنایا۔ روس کے فضائی حملوں میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہوئے، جن میں باغی کمانڈر باسل زمو شامل ہیں، جو شام کے صدر بشارالاسد کی فوج کے سابقہ اہل کار ہیں۔ یہ رپورٹ آبزرویٹری اور مقامی رابطے کی کمیٹیوں نے دی ہے، جو سرگرم کارکنوں کی نگرانی میں کام کرنے والا ایک اور گروپ ہے۔

ان فضائی حملوں میں بیسیوں لوگ زخمی ہوئے، جو ستمبر کی 30 تاریخ کے بعد روس کی جانب سے اس تنازعے میں کود پڑنے سے لے کر اب تک کا مہلک ترین حملہ بتایا جاتا ہے۔

روس کا کہنا ہے کہ وہ داعش کے شدت پسند گروپ اور دیگر دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ تاہم، شام کے باغی اور اُن کے حامی روس پر معتدل اور اسلام نواز باغیوں کو ہدف بنانے کا الزام دیتے ہیں، جس کا مقصد اسد حکومت کو تقویت دینا ہے۔

جب سے فضائی کارروائی کا آغاز ہوا ہے، شام کی فوجیں اور اُس کے اتحادی لبنان کے حزب اللہ شدت پسند گروہ نے شمالی، وسطی یا جنوبی شام میں، جن میں دارالحکومت دمشق بھی شامل ہے، زمینی حملوں کا آغاز کردیا ہے۔

اِن فضائی حملوں کی حمایت میں، زمینی فوجیں اُن علاقوں کو بازیاب کرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو پہلے باغیوں کے قبضے میں تھے۔

جبل الکرادی باغیوں کے زیر قبضہ شمال مغربی صوبہٴادلب کے قریب واقع ہے، جسے روسی لڑاکا طیاروں نے نشانہ بنایا ہوا ہے۔

شام کے تنازعے کو اب چوتھا برس چل رہا ہے، جس دوران اب تک 250000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ 10 لاکھ سے زائد زخمی ہوئے ہیں؛ جب کہ ملک کی نصف آبادی بے دخل ہو چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG