رسائی کے لنکس

امریکی انتخاب میں روسی مداخلت کے الزامات کی منظوری: رپورٹ


رابرٹ میولر۔ فائل فوٹو
رابرٹ میولر۔ فائل فوٹو

امریکہ کی ایک وفاقی گرینڈ جیوری نے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے تحقیقات میں پہلے الزامات کی منظوری دے دی ہے۔

یہ تحقیقات خصوصی طور پر تعینات کردہ رابرٹ میولر کی سربراہی میں کی جا رہی ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ میں جمعہ کو دیر گئے اس بارے میں خبریں سامنے آئیں۔

گرینڈ جیوری کے اس اقدام کے بارے میں پہلی مرتبہ خبر 'سی این این' نے دی جس نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ ان الزامات کا سامنا کرنے والوں کو پیر تک گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ تاہم الزامات کی نوعیت تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔

میولر کے دفتر کے ایک ترجمان نے سی این این کی طرف سے ردعمل کے لیے کی جانے والی درخواست کو مسترد کر دیا۔

سی این این کا کہنا تھا کہ میولر کی ٹیم میں شامل وکلا کو جمعہ کو واشنگٹن ڈی سی کی عدالت میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا جہاں جیوری اس معاملے کی سماعت کے لیے موجود تھی۔

میولر اس تحقیقات کے بارے میں مکمل رازداری کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔

میولر کو مئی میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کیے جانے کے بعد خصوصی طور پر تحقیقات کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ انھیں ان الزامات کی تحقیقات کا کام سونپا گیا تھا کہ آیا روس نے امریکی انتخابات میں کوئی ایسی مداخلت کی جس کا فائدہ جیت کی صورت میں ٹرمپ کو پہنچا۔

وہ ان معاملات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ صدر ٹرمپ نے روسی مداخلت کی تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں کی۔

مزید برآں ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ارکان اور روسی کاروباری شخصیات کے درمیان ممکنہ مبینہ مالی روابط کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG