رسائی کے لنکس

نائب صدر کے طور پر انڈیانا کے گورنر پینس کا نام سرفہرست


’یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ کے مطابق، ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ، پال مانافورٹ پینس کی وکالت کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اندر کے ذرائع نے رسالے کو بتایا ہے کہ سابق امریکی رُکن کانگریس کو قابل اعتماد اور باوقار خیال کیا جاتا ہے، لیکن ’’وہ جنھیں کنٹرول کیا جا سکتا ہے‘‘

ایسے میں جب ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم اس بات پر زور دے رہی ہے کہ صدر کے عہدے کے لیے ری پبلیکن پارٹی کے متوقع امیدوار کو ابھی اپنے نائب صدارتی امیدوار کا چناؤ کرلینا چاہیئے، امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ جمعے کے روز انڈیانا کے گورنر، مائیک پینس کو نائب صدر چننے کا اعلان کریں گے۔

جائیداد کے ارب پتی کاروباری فرد جنھوں نے کبھی کسی عوامی عہدے پرکام نہیں کیا ایوانِ نمائندگان کے سابق اسپیکر نیوٹ گنگرچ اور نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی کے نام پر بھی غور کر سکتے ہیں، جو ٹرمپ کے خلاف ری پبلیکن پارٹی کےمتحارب امیدوار رہ چکے ہیں۔

خبروں کے رسالے، ’یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ کے مطابق، ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ، پال مانافورٹ پینس کی وکالت کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اندر کے ذرائع نے رسالے کو بتایا ہے کہ سابق امریکی رُکن کانگریس کو قابل اعتماد اور باوقار خیال کیا جاتا ہے، لیکن ’’وہ جنھیں کنٹرول کیا جاسکتا ہے‘‘۔

غیر روایتی سیاسی ماحول میں، پینس کو ٹرمپ کا زیادہ روایتی چناؤ خیال کیا جا رہا ہے۔ سنہ 2013 میں انڈیانا کے گورنر بننے سے پہلے، پینس ایک عشرے سے زیادہ مدت تک امریکی ایوانِ نمائندگان کے رُکن رہ چکے ہیں۔

اُنھیں ’سوشل کنزرویٹو‘ خیال کیا جاتا ہے، جنھوں نے انڈیانا میں ایک قانون پر دستخط کیے ہیں جو انڈیانا کے کاروباری حضرات کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے سے تحفظ فراہم کرے گا، اگر وہ ہم جنس پرست شادیوں کے لیے خدمات میسر نہیں کریں گے۔

اُنھوں نے حالیہ دِنوں کے دوران اسقاط حمل کے قانون پر دستخط کیے ہیں، جس کی رو سے حمل قائم ہونے کے بعد، انڈیانا میں اسقاط حمل غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

پینس ’ٹی پارٹی موومنٹ‘ سے منسلک رہے ہیں، جو کسی ری پبلیکن امیدوار کے لیے ایک کلیدی حلقے کی حیثیت رکھتی ہے۔ اُن کے ’کُوچ برادرز‘ کے ساتھ مراسم ہیں، جو بے انتہا دولت مند سیاسی عطیہ دہندگان ہیں، جو قدامت پسند معاملات کے لیے طاقت ور ترین ذریعہ ثابت ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG