رسائی کے لنکس

ری پبلکن امیدوار رینڈ پال کا انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان


سینیٹر رینڈ پال دوسرے ری پبلکن امیدوار ہیں جو پیر کو آئیووا میں ہونے والے پہلے پرائمری انتخاب میں بہتر نتائج حاصل نہ کرنے کے بعد انتخاب سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

امریکہ کے صدارتی انتخاب میں ری پبلکن جماعت کی نامزدگی کے امیدوار رینڈ پال نے اپنی انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی ریاست کنٹکی سے منتخب سینیٹر رینڈ پال دوسرے ری پبلکن امیدوار ہیں جو پیر کو آئیووا میں ہونے والے پہلے پرائمری انتخاب میں بہتر نتائج حاصل نہ کرنے کے بعد انتخاب سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

ان سے قبل ریاست آرکنسا کے سابق گورنر مائیک ہکابی بھی پرائمری انتخاب میں توقع سے کم ووٹ حاصل کرنے کے بعد اپنی انتخابی مہم ختم کرچکے ہیں۔

بدھ کو جاری ایک بیان میں رینڈ پال نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم اصولوں کی بنیاد پر چلائی جس پر انہیں فخر ہے۔ ان کے بقول آج وہ اپنے سفر کو وہیں ختم کر رہے ہیں جہاں سے انہوں نے شروع کیا تھا۔

اپنے بیان میں رینڈ پال نے کہا ہے کہ وہ حکومتی اختیار محدود کرنے، نظامِ انصاف میں اصلاحات متعارف کرانے اور امریکہ کی خارجہ پالیسی کو درست سمت میں استوار کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

رینڈ پال پیر کو آئیووا میں ہونے والے ری پبلکن جماعت کے پرائمری انتخاب میں 5ء4 فی صد ووٹ حاصل کرکے پانچویں نمبر پر آئے تھے۔

ری پبلکن کے امیدواروں میں سینیٹر ٹیڈ کروز 28 فی صد ووٹ حاصل کرکے پہلے اور ڈونالڈ ٹرمپ 24 فی صد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔فلو ریڈا سے منتخب سینیٹر مارکو روبیو 23 فیصد ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر تھے۔

سرِ فہرست رہنے والے ان تینوں رہنماؤں کے علاوہ دیگر ری پبلکن امیدواران کل ملا کر دس فیصد سے بھی کم ووٹ حاصل کر سکے تھے۔

مائیک ہکابی اور رینڈ پال کی دستبرداری کے باوجود اب بھی نومبر 2016ء میں ہونے والے صدارتی انتخاب کےلیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی کے 10 امیدوار میدان میں ہیں۔

اس کے برعکس ڈیموکریٹس میں مقابلہ خاصا سخت ہے جہاں سابق خاتون اول اور سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن اور ریاست ورمونٹ سے منتخب لبرل سینیٹر برنی سینڈرز کے درمیان دوبدو مقابلہ ہے۔

ڈیموکریٹس کی نامزدگی حاصل کرنے کے تیسرے امیدوار مارٹن او مالی نے آئیووا کے پرائمری انتخاب میں 6ء0 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے جس کے بعد امکان ہے کہ وہ بھی انتخابی مہم سے دستبرداری کا اعلان جلد کردیں گے۔

XS
SM
MD
LG