رسائی کے لنکس

اٹک کے نزدیک سات پاکستانی فوجی اغوا: رپورٹ


حکام کے مطابق اغوا کار بھی فوجی وردیوں میں ملبوس تھے جنہوں نے فوجی اہلکاروں کے ہمراہ بس میں سفر کرنے والے ایک جمعدار کو جانے کی اجازت دے دی۔

پاکستان کے فوجی حکام نے کہا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے پنجاب کے ایک علاقے سے سات فوجی اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' نے فوجی حکام کے حوالے سےبتایا ہے کہ مغوی فوجی اہلکار ایک بس کے ذریعے راولپنڈی میں واقع فوجی ہیڈکوارٹر سے صوبہ خیبر پختونخوا جارہے تھے جب انہیں ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے نزدیک اغوا کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق اغوا کار بھی فوجی وردیوں میں ملبوس تھے جنہوں نے فوجی اہلکاروں کے ہمراہ بس میں سفر کرنے والے ایک جمعدار کو جانے کی اجازت دے دی۔

فوجی اہلکاروں کے اغوا کا گزشتہ دو ہفتوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی طالبان چھاپہ ماروں نے پشاور کے نواحی قبائلی علاقے میں قائم چوکیوں پر چھاپے مار کے نیم فوجی دستے کے 23 اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا۔

بعد ازاں ان میں سے 21 اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جہیں سروں میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ مقتول اہلکاروں ہاتھ بندھے ہوئے تھے جب کہ کی آنکھوں پر بھی پٹیاں باندھی گئی تھیں۔

ایک مغوی اہلکار طالبان کی قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا جب کہ ایک دوسرا اہلکار شدید زخمی حالت میں ملا تھا جسے طبی امداد دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں طالبان شدت پسندوں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں اور ان کے اغوا کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔

گزشتہ برس اگست میں بھی طالبان نے 17 فوجیوں کو اغوا کرنے کے بعد ان کے سر قلم کردیے تھے۔
XS
SM
MD
LG