رسائی کے لنکس

اویس شاہ کی اطلاع دینے پر 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان


ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہٴ راز میں رکھا جائے گا۔ اطلاع رینجرز کی ہیلپ لائن پر دی جا سکتی ہے

گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے لاپتہ بیٹے اویس علی شاہ سے متعلق اطلاع دینے والے کو 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اعلان منگل کو ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کیا۔ منگل کی صبح انہوں نے کلفٹن میں واقع اس سپر اسٹور کا بھی دورہ کیا جہاں سے اویس علی شاہ ایک روز قبل لاپتہ ہوئے تھے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہٴ راز میں رکھا جائے گا۔ اطلاع رینجرز کی ہیلپ لائن پردی جا سکتی ہے۔

اب تک کی پیش رفت: موبائل ڈیٹا، فوٹیج اور گاڑی مل گئی
تفتیشی ذرائع کے حوالے سے اطلاعات میں کہا جا رہا ہے کہ اویس علی شاہ کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا۔ ان کا موبائل آخری مرتبہ کینٹ اسٹیشن کے قریب بند ہوا تھا۔

تفتیش میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ، اسپیشل سیکورٹی یونٹ، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سٹیزن پولیس حصہ لے رہی ہے، جس نے شان سرکل سے سہراب گوٹھ تک کے راستوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔

پولیس کو اویس شاہ کی گاڑی بھی کلفٹن کے شون سرکل سے ملی ہےجس پر موجود انگلیوں کے نشانات بھی پولیس نے اپنے ریکارڈ میں محفوظ کرلئے ہیں۔

سندھ رینجرز نے اویس کی بازیابی کیلئےشہر کے مختلف علاقوں جیسے اورنگی، گڈاپ، لیاقت آباد، کیماڑی، کورنگی، کلفٹن اور جمشید ٹائون میں سرچ آپریشن کیا اور 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG