رسائی کے لنکس

کراچی: مسلم لیگ ن کے امیدوار کی کامیابی کالعدم قرار


عرفان اللہ خان مروت کی کامیابی کو متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ سندھ روٴف صدیقی نے چیلنج کیا تھا۔۔۔۔ روٴف صدیقی کو گیارہ مئی 2013ء میں ہونے والے انتخابات میں 7 ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی تھی

الیکشن ٹریبونل نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 کراچی سے مسلم لیگ نواز کے امیدوار اور سابق صدر غلام اسحاق خان کے داماد عرفان اللہ خان مروت کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

عرفان اللہ خان مروت کی کامیابی کو متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ سندھ روٴف صدیقی نے چیلنج کیا تھا، جس پر جمعہ کو الیکشن ٹریبونل نے روٴف صدیقی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حلقہ پی ایس 114 کراچی میں دوبارہ انتخابات کرانے کے احکامات جاری کئے۔

اس حلقے سے روٴف صدیقی کو 11 مئی 2013ء میں ہونے والے انتخابات میں 7ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

ٹریبونل کے فیصلے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان حلقے میں دوبارہ انتخابات منعقد کرائے گا جس کے لئے ابھی تاریخوں کا اعلان ہونا باقی ہے۔ ٹریبونل کے اس فیصلے کو عرفان اللہ مروت ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

نیشنل ڈیٹابیس اتھارٹی (نادرہ) نے الیکشن ٹریبونل کو حلقے میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی تھی، جس میں کہا گیا ہے کہ پی ایس 114 میں ڈالے گئے 17ہزار 5سو 4ووٹ بوگس تھے۔

XS
SM
MD
LG