رسائی کے لنکس

امریکی نائب وزیر خارجہ کرغزستان پہنچیں گے


نائب وزیرِ خارجہ رابرٹ بلیک
نائب وزیرِ خارجہ رابرٹ بلیک

نائب وزیرِ خارجہ رابرٹ بلیک جمعے کے روز کرغزستان کے دارالحکومت بشکک جائیں گے۔ اِس سے قبل وہ کرغز, ازبک سرحد پر صورتِ حال کا جائزہ لینے ازبکستان کا دورہ کریں گے جہاں ہزاروں ازبک نسل کے لوگ کرغزستان کے نسلی تشدد سے بچنے کے لیے بھاگ نکلے ہیں۔

امریکی محکمہٴ خارجہ نے بتایا کہ بلیک نے، جو دوسرے امریکی عہدے داروں کے ساتھ ترکمنستان کے لیڈروں سے بات چیت کے لیے اشک آباد میں ہیں، کرغزستان کی عبوری رہنما روزا اُتن بیوف سے اپنے سفری منصوبوں پر منگل کے روز بذریعہ ٹیلی فون بات چیت کی۔

امریکہ نے اب تک سفارت خانے کے ہنگامی فنڈ سے کرغز حکومت کو دس لاکھ ڈالر مالیت کی ادویات فراہم کی ہیں۔

محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے واضح کیا ہےکہ امریکہ مربوط بین الاقوامی امدادی کوششوں کی مد میں خاصی زیادہ امداد دینے کو تیار ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ہماری توجہ اس پر ہے اور ہم کرغزستان اور ازبکستان دونوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اُن کے الفاظ میں: ‘اور، یہی ایک سبب ہے جن کی بنا پر باب بلیک جاری دورے کو وسعت دے رہے ہیں تاکہ وہ نہ صرف ازبک، کرغز سرحد پر صورتِ حال کا خود جائزہ لے سکیں بلکہ بعد میں کرغز عہدے داروں سے بھی براہِ راست صلاح و مشورہ کر سکیں۔’

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کرغز صورتِ حال پر روس اور یورپ میں سکیورٹی اور سلامتی کی تنظیم سے بھی صلاح و مشورہ کر رہا ہے جِس نے کہا ہے کہ وہ بحران کے حل میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔

XS
SM
MD
LG