رسائی کے لنکس

سر ’جیمز بانڈ‘ رابن ہڈ ’عرف‘ راجر مور انتقال کر گئے


’’ہم بوجھل اور دکھی دل کے ساتھ یہ خبر دے رہے ہیں کہ راجر مور کینسر کے خلاف جنگ ہار گئے۔ انہوں نے کینسر کے خلاف مختصر جنگ بہادری سے لڑی‘‘

پوری دنیا میں جیمز بانڈ کے کردار اور نام سے شہرت پانے والے ہالی وڈ اداکار راجر مور انتقال کر گئے۔ سر راجر مور کی عمر 89 سال تھی۔

راجر مور کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے تینوں بچوں ڈی بوراہ ،جیفری اور کرسٹیان نے انتقال کی خبر دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’ہم بوجھل اور دکھی دل کے ساتھ یہ خبر دے رہے ہیں کہ راجرمور کینسر کے خلاف جنگ ہار گئے۔ انہوں نے کینسر کے خلاف مختصر جنگ بہادری سے لڑی‘‘۔

برطانوی اخبار ’دی ٹیلیگراف‘، ’دی گارڈئین‘ اور دیگر مقامی میڈیا نے راجر مور کے انتقال کی خبر کو نمایاں طور پر شائع کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

راجر مور نے جیمز بانڈ سیریز کی سات فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کی پہلی جیمز بونڈ فلم ’لیو اینڈ لیٹ ڈائے‘ 1973 ء میں ریلیز ہوئی۔

آخری فلم ’اے ویو ٹو اے کل‘ تھی جو 1985میں نمائش کے لئے پیش کی گئی۔

راجر مور کا ٹی وی سیریل ’دی سینٹ‘ میں ادا کیا گیا رول بھی بہت مشہور ہوا۔

برطانوی اخبار ’دی مرر‘ کے مطابق14 اکتوبر 1927 کو لندن میں پیدا ہونے والے راجر مور فلمی دنیا کا رخ کرنے سے پہلے رائل آرمی سروس کور میں سیکنڈ لیفٹیننٹ تھے۔

راجر مور شہرت کی بلندیوں پر سیکرٹ ایجنٹ 007 کا کردار ادا کرکے پہنچے جو انہوں نے جیمز بانڈ سیریز کی فلموں میں 1973 سے1985 تک نبھایا۔

انہوں نے یونیسیف کے لئے کام کیا اور 1991میں انہیں اسی ادارے کا سفیر برائے خیر سگالی بھی مقرر کیا گیا۔

راجر کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں ملکہ برطانیہ نے انہیں 2003میں’ نائٹ ہڈ‘ اور ’سر‘ کے خطاب سے نوازا۔

مور نے سن50کے عشرے میں ماڈلنگ بھی کی اور ’دی الاسکن‘، ’میوریک‘ سمیت متعدد ٹی وی سیریلز میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ لیکن، انہیں سب سے زیادہ شہرت ’دی سینٹ‘ سے ملی۔

راجر مور نے بونڈ سیریز کے علاوہ ’نارتھ سی ہائی جیک‘، ’کرس آف پنک پینتھر‘ ،’دی وائلڈ گیز‘ سمیت دیگر فلموں میں بھی کام کیا۔

XS
SM
MD
LG