رسائی کے لنکس

پیراگوئے: سابق فٹ بالر رونالڈینو جعلی پاسپورٹ استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

برازیل کے سابق اسٹار فٹ بالر رونالڈینو کو جنوبی امریکہ کے ملک پیراگوئے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رونالڈینو پر الزام ہے کہ انہوں نے پیراگوئے میں داخلے کے لیے مبینہ طور پر جعلی پاسپورٹ استعمال کیا۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق رونالڈینو کو بدھ کو گرفتار کیا گیا۔ رونالڈینو کے ہمراہ ان کے بھائی بھی موجود تھے جنہیں ان کے ساتھ ہی گرفتار کیا گیا ہے۔

پیراگوئے کے وزیرِ داخلہ یوکلیڈیس اسیویڈو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ رونالڈینو کو جمعرات کی صبح پراسیکیوٹر کے رو برو پیش کیا جائے گا۔

وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ پیراگوئے کی پولیس نے رونالڈینو کو ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا جہاں وہ ایک کتاب کی پروموشن کے سلسلے میں مقیم تھے۔ جب ان کے کاغذات چیک کیے گئے تو وہ جعلی پائے گئے۔

برازیلین فٹ بالر رونالڈینہو (فائل فوٹو)
برازیلین فٹ بالر رونالڈینہو (فائل فوٹو)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان حکام سے بھی تفتیش کر رہے ہیں جنہوں نے جعلی دستاویزات پر انہیں ملک میں داخلے کی اجازت دی۔

خیال رہے کہ رونالڈینو خاصے معروف فٹ بالر ہیں۔ انہیں 2005 میں 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ رونالڈینو اور ان کے بھائی سال 2018 میں برازیلین پاسپورٹ سے دست بردار ہو گئے تھے۔ دست برداری کی وجہ ان پر ہونے والا بھاری جرمانہ تھا جس کی رقم ادا کرنے میں وہ ناکام رہے تھے۔

رونالڈینو اور ان کے بھائی پر ماحولیات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 23 لاکھ ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG