رسائی کے لنکس

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی، خبر یا افواہ؟


رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیاگیا کہ انوشکا اور ویراٹ کے خاندان والوں اور دوستوں نے اٹلی کے لئے ٹکٹس بھی بک کرالئے ہیں اور معروف ڈیزانئر سب یاسشی مکھرجی انوشکا کا شادی کا جوڑا ڈیزائن کررہے ہیں۔

بھارت کے گلیمرس اور ’پاورکپل‘ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی طے ہو جانے کی خبریں یا کہئے افواہیں۔۔ بدھ کی شام الیکٹرونک میڈیا اور سوشل میڈیا پر آندھی ،طوفان کی طرح آئیں اور چھاتی چلی گئیں۔ جسے دیکھو، جہاں دیکھو بس ایک ہی موضوع تھا۔۔دونوں کی شادی اور خانہ آبادی ۔

لیکن دونوں میگا اسٹارز کے پرستاروں کے ارمانوں پراس وقت اوس پڑی جب انوشکا شرما کی منیجر مونیکا بھٹا چاریہ نے شادی کی خبروں کی تردید کی۔ مونیکا کا کہنا تھا ’انہیں ایسی کسی چیز کا علم نہیں۔‘

بھارت کےبڑے میڈیا گروپس جیسے ’انڈیا ٹوڈے‘، ’ہندوستان ٹائمز‘ اور دیگر میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ’ بینڈ، باجا ،بارات‘ گرل انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کی تقریبات نو، دس اور گیارہ دسمبر کو اٹلی کے شہرمیلان میں ہوں گی جس میں قریبی دوست اور رشتے دار شریک ہوں گے۔

رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ انوشکا اور ویرات کے خاندان والوں اور دوستوں نے اٹلی کے لیے ٹکٹس بھی بک کروا لیے ہیں اور معروف ڈیزانئر سب یاسشی مکھرجی انوشکا کا شادی کا جوڑا ڈیزائن کر رہے ہیں۔

یہ افواہیں ہوں یا حقیقت سچ تو یہ ہے کہ دونوں کی جوڑی عوام میں بہت مقبول ہے اور دونوں جہاں جاتے ہیں توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ ہینڈسم ویراٹ اور خوبصورت انوشکا کو دیکھ کر ہر کوئی یہی کہتا ہے کہ ’رب نے بنادی جوڑی‘۔

یہ پہلا موقع نہیں جب دونوں کی شادی کی افواہیں اڑی ہوں بلکہ گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں ہی جب دونوں کے ایک ساتھ چھٹیاں منانے کی خبریں آئیں تو یہ افواہیں بھی گردش کرنے لگیں کہ دونوں کی منگنی ہو گئی ہے۔

ہرجگہ، ہر محفل میں ساتھ ساتھ نظر آنے والے انوشکا اور کوہلی کی ’لو اسٹوری‘ اتنی بھی سادہ نہیں بلکہ ’رولر کوسٹر‘ رائیڈ رہی ہے۔ سال2013 میں ایک کمرشل میں کام کے دوران دونوں کے رومنس کا آغاز ہوا۔ دوہزارسولہ میں کچھ عرصے کے لئے دونوں کی راہیں جدا ہوئیں لیکن مختصر وقفے کے بعد پھردونوں ایک ہو گئے۔

انوشکا شرما کے میڈیا کے سامنے محتاط رویے کے برعکس کوہلی نے ہمیشہ اپنے اور انوشکا کے تعلق کے بارے میں کھل کر بات کی ہے اور وہ انوشکا کی تعریف کا کوئی بھی موقع جانے نہیں دیتے۔ ایک ٹی وی شومیں ویراٹ انوشکا شرما کو اپنی ’لیڈی لک‘ بھی قراردے چکے ہیں۔

گزشتہ دنوں سابق کرکٹر ظہیر خان اور اداکارہ ساگریکا گھاتگے کی شادی میں ناچتے گاتے ویرات اور انوشکا کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ دونوں کے لاکھوں پرستار اپنے فیورٹ اسٹارز کی جانب سے شادی کی خوشخبری کے بے چینی سے منتظر ہیں۔

XS
SM
MD
LG