رسائی کے لنکس

کیف پرروسی ڈرونز کے لگا تار حملوں میں کم از کم چار شہری ہلاک


یوکرین کے پولس افسر روسی ڈرون کو نشانہ بنا رہے ہیں… 17 اکتوبر 2022
یوکرین کے پولس افسر روسی ڈرون کو نشانہ بنا رہے ہیں… 17 اکتوبر 2022

پیرکویوکرین کے دارالحکومت کیف پرروسی ڈرونز نے کئی حملے کیے، جس سے چار افراد ہلاک ہو گئے، دھماکہ خیز مواد سے بھرے ان ڈرونز کو دیکھ کر کیف کے رہائشی پناہ لینے کے لیے بھاگنے پر مجبور ہو گئے اوربعض نے ان کو مار گرانے کی کوشش کی۔ ڈرون حملوں نے عمارتوں کو آگ لگا دی، جبکہ ایک ڈرون کے سبب عمارت میں سوراخ ہو گیا۔ یوکرین کی فضائیہ نے کہا کہ اس نے بغیر پائلٹ کے 13 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

یہ حملے روسی میزائل حملوں کے ایک ہفتے بعد ہوئے ہیں، ان حملوں سے قبل کیف میں کئی مہینوں سے نسبتاً سکون تھا۔ یوکرین کے حکام کا کہنا تھا کہ ڈرون ایرانی ساختہ تھے، جنہیں شاہد ماڈل کہا جاتا ہے۔ روس نے انہیں نام نہاد "کامیکازے" حملے کرنے کے لیے استعمال کیا ہے، اس طرز کے حملوں میں طیارے کو جان بوجھ کرہدف سے ٹکرا دیا جاتا ہے۔

ان دھماکوں کی گونج پورے کیف میں سنائی دی، جن سے شہری شدید خوفزدہ ہو گئے۔

کیف میں ایک تباہ شدہ عمارت سے ایک خاتون کو باہر نکالا جا رہا ہے
کیف میں ایک تباہ شدہ عمارت سے ایک خاتون کو باہر نکالا جا رہا ہے

صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر کہا کہ "ساری رات اورتمام صبح، دشمن شہری آبادی کو خوفزدہ کرتا رہا ہے۔" کامیکازے ڈرون اورمیزائل پورے یوکرین کونشانہ بنا رہے ہیں۔ دشمن ہمارے شہروں پر حملہ کر سکتا ہے لیکن وہ ہمارے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتا۔

زیلنسکی نے یوکرین کی انٹیلی جنس سروسز کا حوالہ دیتے ہوئے، پہلے الزام لگایا تھا کہ روس نے ایران سے 2,400 شاہد ڈرونز کا آرڈردیا تھا، اورپھران کا نام Geran-2 ڈرون رکھا تھا - جس کا روسی زبان میں مطلب جیرانیم نامی پھول ہے۔ ایران نے روس کوڈرون فراہم کرنے کی تردید کی ہے۔

کیف کے میئروٹالی کلِٹسکو نے کہا کہ پیرکو یہ حملے 28 ڈرونز کی یکے بعد دیگرے لہروں کی شکل میں ہوئے، جن کا نشانہ وسطی شیوچینکو ضلع کا ایک علاقہ تھا، یہ وہی علاقہ تھا جہاں گزشتہ ہفتے روسی میزائلوں نے حملہ کیا تھا۔ کچھ یوکرینی شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ ڈرون حملے معمول بن سکتے ہیں کیونکہ روس اپنے طویل فاصلے تک مارکرنے والے میزائلوں کے ذخیرے کو بچانے کی کوشش کررہا ہے۔

میئر نے کہا کہ حملوں سے اپارٹمنٹ کے کئی بلاکس کونقصان پہنچا اور ایک غیر رہائشی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارکنوں نے اپارٹمنٹ کی عمارت کے ملبے سے 18 افراد کو نکالا لیکن دو دیگر افراد پھنسے رہے۔

پیر کو ڈرون حنلوں کے بعد فائر فائٹر آگ بجھا رہے ہیں
پیر کو ڈرون حنلوں کے بعد فائر فائٹر آگ بجھا رہے ہیں

یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے کہا کہ انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ امور کی کونسل سے مزید فضائی دفاع اورگولہ بارود کی فراہمی کے لیے کہا ہے، جبکہ یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف’’روس کوڈرون فراہم کرنے ‘‘ پر پابندیاں عائد کرے۔

کیف میں امریکی سفارت خانے نے شہریوں کے خلاف پیر کے حملوں کو "مایوس کن اور قابل مذمت" قرار دیا۔ سفارت خانے کی ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ "ہم یوکرین کے عوام کی طاقت اوربرداشت کی تعریف کرتے ہیں۔ ہم آپ کے ساتھ حسب ضرورت ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔"

روسی صدر ولادیمیرپوتن نے کہا کہ یہ حملے اوردیگرجگہوں پرکیے گئے حملے روس کی سرزمین کو جزیرہ نما کرائمیا سے ملانے والے کرچ پل پرحملے کا بدلہ تھا جسے روس نے 2014 میں قبضے میں لیا تھا۔

(خبر کا مواد اے، رائیٹرز اور اے ایف پی سے لیا گیا )

XS
SM
MD
LG