روس سےموصول ہونے والی خبروں کے مطابق روس کی اسپیشل فورسز نے ایک ایسے شخص کو حراست میں لے لیا ہے جِس نےجمعرات کو ماسکو میں اترنے والے مسافر بردار طیارے کے کنٹرول کو اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی تھی۔
ماسکو کے دومو دیدوف ہوائی اڈے کی ایک خاتون ترجمان نے اِتار -تاس خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ سارے مسافروں کو رہا کر الیا گیا ہے اور کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک مسافر نے ایک چِٹھی پائلٹوں کے حوالے کی جِس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اُس کے پاس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے اہم اطلاع ہے۔ پھر پائلٹ طیارے کوچلا کر ہنگامی علاقے کی طرف لے گئے جہاں طبی عملے کے روپ میں اسپیشل فورسز جہاز میں داخل ہوئیں اور مشتبہ شخص کو قابو میں لے لیا۔
ادھیڑ عمر کے مشتبہ شخص کے لیےبتایا جاتا ہے کہ اُس کا تعلق شمالی قفقاز کےعلاقےسے ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اُس مشتبہ شخص کے پاس اسلحہ تھا یا نہیں۔
اِس پرواز کا آغاز منرل نوئے وادی سے ہوا، جوجنوبی روس کے اسٹاروپول علاقے میں واقع ایک شہر ہے۔