روس نے یوکرین کے جنوب میں بھی فوج اتار دی
برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے روس کے یوکرین پر حملے کے حوالے سے خفیہ اداروں کی نئی رپورٹ جاری کی ہے۔
وزارتِ دفاع کی جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ روس نے یوکرین کے جنوب میں بھی فوج اتار دی ہے البتہ اب تک ماسکو کو زیادہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔
روس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرین کے شہروں خارکیف، کیف، ماریوپول اور چرنیہو کو فضائی حملوں اور گولہ باری میں نشانہ بنایا ہے۔
خارکیف میں پولیس اسٹیشن پر حملہ، ویڈیو جاری
یوکرین کی وزارتِ دفاع نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں خارکیف میں ایک سرکاری عمارت کی تباہی کے مناظر ہیں۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ روس نے میزائل کے ذریعے نیشنل پولیس بلڈنگ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خارکیف یوکرین کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر روس کی جارحیت جاری ہے۔
نیٹو کی معاونت کے لیے امریکی فوجی جرمنی پہنچ گئے
امریکہ کی افواج جرمنی کے شہر نرمبرگ پہنچ گئی ہیں۔ امریکی فوجی مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد نیٹو کی معاونت کریں گی۔
'امریکہ یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے'
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔