روس کا یوکرین کے جنوب میں شہر پر قبضے کا دعویٰ
روس نے یوکرین کے جنوب میں ایک شہر پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔
روس کے سرکاری خبر رساں ادارے ’آر آی اے‘ نے کہا ہے کہ روس کی فورسز نے جنوبی شہر خرسن پر قبضہ کر لیا ہے۔
روس کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
روس کی کرنسی روبل کی قدر میں مسلسل کمی
یوکرین پر حملے کے بعد روس کی کرنسی روبل کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایک ڈالر کے مقابلے میں روبل سو سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔
دو مارچ کو روبل کی قدر میں مزید چار فی صد کم ہوئی جس سے ایک ڈالر مقابلے میں روبل کی قدر 105.2 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ایک یورو 117.9 روبل کا ہو گیا ہے۔
روس میں اسٹاک ایکسچینج بدستور بند
روس کا سب سے بڑا ماسکو اسٹاک ایکسچینج بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی بند رہے گا۔
روس میں حکام نے بین الاقوامی پابندیاں لگنے کے بعد پیر کو اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ بند کر دی تھی۔
روس کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ بدھ کو محدود پیمانے پر آپریشنز کی اجازت دی جا سکتی ہے۔