رسائی کے لنکس

روس کا بڑی تعداد میں جدید اسلحے کی خریداری کا اعلان


روس کا بڑی تعداد میں جدید اسلحے کی خریداری کا اعلان
روس کا بڑی تعداد میں جدید اسلحے کی خریداری کا اعلان

روسی وزیرِاعظم کے اعلان کے مطابق، روسی مسلح افواج کے لیے ان خریداریوں کے نتیجے میں کل ملکی بجٹ میں دفاع کا حصہ 3 فی صد سے بڑھ کر آئندہ 10 برسوں میں دگنا ہوجائے گا

روس کے وزیرِاعظم ولادی میر پیوٹن نے روسی افواج کے لیے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

روسی وزیرِاعظم کے اعلان کے مطابق روسی مسلح افواج کے لیے آئندہ برسوں میں 29 نئی آبدوزیں، 50 بحری جہاز، فوجی مقاصد کے لیے 100 مصنوعی سیارے، 400 نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل، 600 ہیلی کاپٹر، 600 نئے لڑاکا طیارے اور 2300 ٹینک خریدے جائیں گے۔

ان خریداریوں کے نتیجے میں کل ملکی بجٹ میں دفاع کا حصہ 3 فی صد سے بڑھ کر آئندہ 10 برسوں میں دگنا یعنی چھ فی صد ہوجائے گا۔

جمعہ کو روسی افواج کے کمانڈروں کے ساتھ ایک اجلاس میں روسی وزیرِاعظم نے یورپ میں میزائل دفاعی نظام کے امریکی منصوبے کا "موثر اور یکساں" جواب دینے کا بھی وعدہ کیا۔

واضح رہے کہ امریکہ اپنے نیٹو اتحادیوں کو ایران کے ممکنہ میزائل حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے یورپ میں میزائل دفاعی نظام کی تنصیب چاہتا ہے لیکن روس اس منصوبے کی سخت مخالفت کر رہا ہے۔

دورانِ اجلاس روسی صدر نے ان جاسوسوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے مبینہ طور پر سرد جنگ کے آغازمیں امریکہ کے ایٹم بموں کے ڈیزائن چرا کر روس منتقل کیے تھے۔

یاد رہے کہ وزیرِاعظم پیوٹن آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب میں اہم امیدوارہیں ا ور مبصرین ان کے حالیہ اعلانات کو روس کی دفاعی صنعت سے منسلک ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کی حمایت کے حصول کا ایک حربہ قرار دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG