رسائی کے لنکس

شام میں مغرب نواز باغیوں کی مدد کو تیار ہیں: روس


روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف

لاوروف نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی باغی یونٹوں سے متعلق معلومات دینے یا داعش کے خلاف اپنی مہم میں روسی فوج کے ساتھ تعاون سے انکاری رہے ہیں۔

روس نے شام میں انتخابات کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مغرب نواز "فری سیریئن آرمی" کے باغیوں کی مدد کے لیے تیار ہے۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ ماسکو چاہتا ہے کہ شام پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی تیاری کرے اور انھوں نے اس بات کا اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو ان کی حکومت اس ضمن میں پیش رفت کے لیے موثر اقدام کرے گی۔

روس کے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے لاوروف کا کہنا تھا کہ "بیرونی عناصر شامیوں کے لیے کچھ بھی فیصلہ نہیں کر سکتے۔ ہمیں ان پر زور دینا چاہیئے کہ وہ اپنے ملک کے لیے ایک منصوبہ تیار کریں جس میں تمام مذہبی، نسلی اور سیاسی گروپوں کے مفادات کا تحفظ ہو۔"

ان کے بقول شام کو پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

شام کی سیاست سے متعلق ماسکو کے گزشتہ موقف کے برخلاف لاوروف کا یہ بیان خانہ جنگی سے تباہ حال اس ملک کے سیاسی عمل کے بارے میں روس کے نقطہ نظر میں تبدیلی کا اشارہ دیتا ہے۔

لاوروف نے شام سے متعلق امریکہ کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مغرب کے ان الزامات کو مسترد کیا کہ روس کی فضائیہ شام میں داعش کے ساتھ ساتھ مغرب نواز باغیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہی ہے۔

لاوروف کے بقول روسی فضائیہ "محب وطن حزب مخالف" خاص طور پر فری سریئن آرمی کے یونٹس کی مدد کرنے کو تیار ہے، اگر اسے ان کے حدود اربع کا علم ہو۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی باغی یونٹوں سے متعلق معلومات دینے یا داعش کے خلاف اپنی مہم میں روسی فوج کے ساتھ تعاون سے انکاری رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG