رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ شروع، پہلے میچ میں سعودی عرب کو 0-5 سے شکست


ایونٹ کے پہلے میچ سے قبل دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔
ایونٹ کے پہلے میچ سے قبل دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

روس کی جانب سے ڈینس چیروشیف نے دو اور یوری گیزنسکی، آرتم ژیوبا اور الیگزاندر گولووین نے ایک، ایک گول کیے۔

روس میں 'فیفا ورلڈ کپ' کا آغاز ہوگیا ہے اور ایونٹ کے پہلے میچ میں میزبان روس نے سعودی عرب کو 0-5 سے شکست دے دی ہے۔

جمعرات کو ایونٹ کی دونوں 'انڈر ڈاگ' ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں کوئی خاص جوش و خروش متوقع نہیں تھا لیکن میزبان ملک کے جارحانہ کھیل کے باعث اسٹیڈیم روسی شائقین کے نعروں سے گونجتا رہا۔

'فیفا' کی رینکنگ میں سعودی عرب 67 ویں نمبر پر ہے جب کہ روس کا نمبر 70 واں ہے۔

روس کی جانب سے ڈینس چیروشیف نے دو اور یوری گیزنسکی، آرتم ژیوبا اور الیگزاندر گولووین نے ایک، ایک گول کیے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں 1934ء میں اٹلی میں ہونے والے کپ کے بعد ایونٹ کے کسی افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم کی یہ سب سے زیادہ گول کے ساتھ فتح ہے۔

جمعرات کے میچ میں فتح کے بعد روس کو تین پوائنٹس مل گئے ہیں لیکن آنے والے دنوں میں 'گروپ اے' کی دیگر دو ٹیموں – مصر اور یوراگوئے - سے اسے سخت مقابلہ درپیش ہوگا۔

جمعے کو ایونٹ میں تین میچز کھیلے جائیں گے۔ مصر کا مقابلہ یورا گوئے سے ہوگا، مراکش ایران کا سامنا کرے گا جب کہ پرتگال اسپین کے مدِ مقابل آئے گا۔

افتتاحی تقریب

جمعرات کو میچ سے قبل ماسکو کے لوژنِیکی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی جس میں صدر ولادی میر پیوٹن سمیت کئی ملکوں کے سربراہان شریک ہوئے۔

اسٹیڈیم میں 80 ہزا ر شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور افتتاحی تقریب کے دوران اسٹیڈیم دنیا بھر سے آنے والے فٹ بال شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

ایونٹ میں کل 32 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ فرانس، اسپین، ارجنٹائن اور دفاعی چیمپئن جرمنی کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

روس میں ہونے والے اس ورلڈ کپ کے لیے ماسکو حکومت 13 ارب ڈالر خرچ کر رہی ہے جب کہ ایونٹ کے میچز 11 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

بتیس دن تک جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں کل64 میچ ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں گروپ میچز 28 جون تک جاری رہیں گے جس میں کامیاب ہونے والی 16 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گی۔

ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز 28 جون کو ہوگا جس میں ہارنے والی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوتی جائیں گی اور آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ورلڈ کپ کا فائنل 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

اس سال جو دو اہم ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی ہیں اور جن کی کمی پورے ایونٹ میں محسوس کی جائے گی، وہ اٹلی اور نیدرلینڈز ہیں۔

XS
SM
MD
LG