رسائی کے لنکس

یوکرین کو 'عارضی' طور پر گیس کی فراہمی پر اتفاق


صدر پوٹن نے اپنے یوکرین ہم منصب پیٹرو پوروشنکو سے ملاقات کے بعد یورپی ملکوں پر زور دیا کہ وہ اس رقم کی ادائیگی کے لیے کیئف حکومت کی مدد کریں۔

روس نے یوکرین کے لیے قدرتی گیس کی فراہمی "عارضی" طور پر بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے گوکہ میلان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں یوکرین کے ساتھ معاملات میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی۔

روس کے صدر ولادمیر پوٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ میلان میں ہونے والی اجلاس میں "کم از کم موسم سرما" کے لیے یوکرین میں گیس کی فراہمی کے لیے معاہدہ ہوا ہے۔ انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔

ماسکو نے رواں سال جون میں یہ کہہ کر قدرتی گیس کی فراہمی بند کر دی تھی کہ یوکرین کے ذمے لگ بھگ پانچ ارب ڈالر کی رقم واجب الادا ہے۔

صدر پوٹن نے اپنے یوکرین ہم منصب پیٹرو پوروشنکو سے ملاقات کے بعد یورپی ملکوں پر زور دیا کہ وہ اس رقم کی ادائیگی کے لیے کیئف حکومت کی مدد کریں۔

پوٹن تواتر سے روس کی سرحد کے قریب لڑائی والے یوکرینی علاقے کو نوووروسیا یا نیا روس کہتے آرہے ہیں اور انھوں نے مغرب کے ان الزامات کو ایک بار پھر رد کیا کہ کریملن یہاں چھ ماہ سے جاری لڑائی میں باغیوں کو فوجی اور اسلحہ فراہم کر کے مزید بڑھا رہا ہے۔

مذاکرات سے واقفیت رکھتے والے حکام کے مطابق گزشتہ ماہ روس نواز باغیوں اور یوکرینی فورسز کے درمیان وضع کی گئی حدبندی کے معاہدے سے متعلق اس اجلاس میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ اٹلی، فرانس، جرمنی، روس اور یوکرین کے رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اس حد بندی کی نگرانی بغیر ہوا باز جہازوں سے کی جائے گی۔

یورپی کمیشن کے صدر جوش مانیوئل باروسو کا کہنا تھا کہ روس، یوکرین اور یورپی یونین کے سفراء آئندہ ہفتے برسلز میں ملاقات کریں گے جس میں اس بحران کے خاتمے کے لیے بات چیت ہوگی۔

XS
SM
MD
LG