رسائی کے لنکس

روسی بچے گود لینے کے عمل کو معطل کرنے کی دھمکی


روسی بچوں کو گود لینے سے متعلق قواعد و ضوابط پر بات چیت کے لیے امریکی وزارت خارجہ ایک وفد ماسکو بھیج رہی ہے ۔ یہ فیصلہ روسی بچوں کو امریکیوں کو گود دینے کاعمل معطل کرنے کی روس کی دھمکی کے بعد کیا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتہ امریکہ کی جنوبی ریاست تینیسی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے گود لیے گئے ایک سات سالہ روسی بچے کو جہاز میں بیٹھا کر وطن واپس بھیج دیا تھا اورماسکو کے ہوائی اڈے پر بچے کا استقبال کا انتظام بھی کروایا تھا۔ اس خاتون نے بچے کے بیگ میں ایک خط بھی ڈال دیا تھا جس کے مطابق بچہ تشدد پسند ہے اور روسی حکام نے انھیں اس بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔

امریکی حکام خاتون کے اس اقدام کے خلاف کارروائی کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ روس کے صدر دمتری مدویدیف نے ایک امریکی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا ہے کہ گود لینے کے بعد بچے کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ” حیوانیت“ پر مبنی اور غیر اخلاقی ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ایسے امریکی خاندان جو روسی بچوں کو گود لینا چاہتے ہیں ان کی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے اور انھیں اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے انتہائی سخت رہنما اصولوں کی پابندی کرنی چاہیئے۔


XS
SM
MD
LG