رسائی کے لنکس

لندن کے باسیوں کو وہ مواقع دوں گا جو مجھے ملے: صادق خان


صادق خان نے کہا کہ انھوں نے کبھی "خواب بھی نہیں دیکھا" تھا کہ ان جیسا کوئی شخص لندن کا میئر منتخب ہو سکے گا۔

برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رکن صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے ہیں اور انھوں نے کنزرویٹو پارٹی کے زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دی۔

اُنھوں نے انتخابات میں کامیابی کے بعد ہفتہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

جمعہ کو دیر گئے سامنے آنے والے انتخابی نتائج کے مطابق لندن کے 57 فیصد باسیوں نے صادق خان کو ووٹ دیے جب کہ زیک گولڈ اسمتھ 43 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔

صادق خان کے میئر منتخب ہونے سے قبل لندن کے اس اہم ترین منصب پر کنزرویٹو پارٹی کی آٹھ سالہ گرفت کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

فتح کے بعد اپنے خطاب میں صادق نے سرکاری رہائش گاہ پرورش پانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کبھی "خواب بھی نہیں دیکھا" تھا کہ ان جیسا کوئی شخص لندن کا میئر منتخب ہو سکے گا۔

"میں لندن میں بسنے والے ہر شخص کے لیے ایسے مواقع چاہتا ہوں جو اس شہر نے مجھے اور میرے خاندان کو فراہم کیے۔ ایسے مواقع جو صرف زندہ رہنے کے لیے نہیں بلکہ پھلنے پھولنے کے لیے ہوں۔"

صادق خان کی کامیابی پر انھیں دنیا کے مختلف شہروں کے میئرز اور رہنماؤں کی طرف سے مبارکباد دی جا رہی ہے اور اس کے لیے خاص طور پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

لندن کے میئر کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لیے تقریباً ساڑھے چار کروڑ افراد اہل تھے۔

صادق خان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے لیکن وہ ان کی پیدائش کے کچھ ہی عرصہ بعد برطانیہ منتقل ہو گئے تھے اور صادق کے والد لندن میں بطور بس ڈرائیور کام کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG