رسائی کے لنکس

بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کا فی الوقت ارادہ نہیں: سعید اجمل


سعید اجمل (فائل فوٹو)
سعید اجمل (فائل فوٹو)

گزشتہ ہفتے نجم سیٹھی نے ٹوئٹر پر یہ عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس بارے میں ان کھلاڑیوں سے آئندہ ہفتے ملاقات کر کے تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم میدان میں ہو یا نہ ہو آئے روز اس کے بارے میں ایسی خبریں ضروری آتی رہتی ہیں کہ جن سے جہاں ایک طرف سے خوشگوار تاثر جنم لیتا ہے تو دوسری طرف کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے درمیان اختلافات بھی سامنے آنے لگتے ہیں۔

حال ہی میں کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے یہ عندیہ دیا تھا کہ سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور آف اسپنر سعید اجمل کو بین الاقوامی کرکٹ سے "باوقار" طریقے سے خیرباد کہنے کے لیے دوبارہ ٹیم میں موقع دیا جائے گا۔

لیکن اس بابت جہاں شاہد آفریدی کی طرف سے یہ بیان گردش کر رہا ہے کہ انھوں نے ایسی کسی پیشکش کے لیے کرکٹ بورڈ سے رابطہ نہیں کیا وہیں سعید اجمل کا یہ بیان سامنے آیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کا فی الحال ارادہ نہیں رکھتے۔

گزشتہ ہفتے نجم سیٹھی نے ٹوئٹر پر یہ عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس بارے میں ان کھلاڑیوں سے آئندہ ہفتے ملاقات کر کے تبادلہ خیال کریں گے۔

شاہد آفریدی رواں سال مارچ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیم کی بری کارکردگی کے بعد ٹیم کی قیادت سے علیحدہ ہو گئے تھے اور اس کے بعد ہونے والے کسی بھی ٹورنامنٹ میں ان کا نام ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

سعید اجمل 2014ء میں اپنے مشکوک ایکشن کی وجہ سے پابندی کا شکار ہوئے تھے جسے درست کر کے تقریباً چھ ماہ کے بعد وہ ٹیم کا دوبارہ حصہ بنے لیکن ان کی کارکردگی پہلے جیسی متاثر کن نہیں رہی۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق کرکٹ ٹیم کے لیے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق بھی یہ کہتے ہیں کہ شاہد آفریدی نے دو دہائیوں تک ملک کے لیے خدمات انجام دی ہیں اور وہ چاہیں گے کہ انھیں باوقار طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے لیے ٹیم کا شامل کیا جانا چاہیے۔

رواں ہفتے ہی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز شروع ہونے جا رہی ہے لیکن اس کے لیے 16 ممکنہ کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں۔

ادھر سعید اجمل نے انگریزی روزنامہ ڈان سے گفتگو میں کہا کہ انھوں نے ٹیم میں واپسی کے لیے کڑی محنت کی جس کا ثبوت ان کے بقول قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ان کی حالیہ کارکردگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ فی الوقت ایک روزہ بین الاقوامی یا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

XS
SM
MD
LG