رسائی کے لنکس

پاکستانی گلوکار سلمان احمد بھی کرونا وائرس کا شکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

'جنون' بینڈ کے پاکستانی گلوکار سلمان احمد کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے خود کو سب سے الگ تھلگ کرلیا ہے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ 'ٹوئٹر' پر جاری ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔

سلمان احمد ان دنوں امریکی شہر نیویارک میں مقیم ہیں۔

امریکہ فی الوقت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ سے بھی زیادہ ہوچکی ہے۔

امریکہ کا شہر نیو یارک اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے۔ مریضوں کی بہتات کی وجہ سے اسے کرونا وائرس کا سب سے بڑا مرکز کہا جارہا ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں سلمان احمد نے لکھا ہے کہ ڈاکٹرز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ میں بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں۔

انہوں نے رواں ہفتے ہی طبیعت خراب ہونے پرکرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔

سلمان کے بقول انہیں فلو کی شکایت ہے تاہم احتیاطاََ وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

سلمان کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ان کے بھتیجے ڈاکٹر سلمان نے ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیا ہے جو مثبت آیا ہے۔

ڈاکٹر سلمان امریکی کی ریاست فلاڈلفیا کے ایک اسپتال میں سرجن ہیں اور کرونا وائرس کے مریضوں کا 24 گھنٹے علاج کرنے والی ٹیم میں شامل ہیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں اپنی خوارک سے متعلق بھی کئی باتیں اپنے مداحوں سے شیئر کی ہیں۔

ساتھ ہی سلمان احمد نے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سلمان احمد کرونا وائرس کی وبا عام ہونے سے قبل مختلف منصوبوں پر کام کر رہے تھے اور اسی سلسلے میں وہ امریکہ بھی گئے تھے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنس گئے اور اب تک واپس نہیں آ سکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG