رسائی کے لنکس

سلمان خاں کے فنکشن میں بھگدڑ، پانچ پرستار زخمی


سلمان خاں کے فنکشن میں بھگدڑ، پانچ پرستار زخمی
سلمان خاں کے فنکشن میں بھگدڑ، پانچ پرستار زخمی

بالی وڈ سٹار سلمان خاں اپنی آنے والی فلم ’ویر‘ کی تشہیر کے سلسلے میں بھارت کے مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ویر کی کامیابی کے بارے میں وہ خاصے پرامید ہیں اور اس فلم کی نے ریلیز سے قبل ہی کافی شہرت حاصل کرلی ہے۔

ان دنوں بالی وڈ کے سٹارز فلم کی ریلیز سے قبل اس کی تشہیر پر توجہ دے رہے ہیں۔حال ہی میں عامر خاں نے فلم تھری ایڈیئٹس کی پرموشن کے لیے بھیس بدل کر ملک کے کئی علاقوں کا دورہ کیا تھا اور ان کی فلم نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔سلمان خاں بھی اسی راستے پر چل پڑے ہیں۔کسی فلم کی تشہیر اس کی مہم سے ہوتی ہے تو بعض فلمیں کسی تنازعے کے سبب شہرت حاصل کرتی ہیں۔

سلمان خاں کی فلم’ویر’کی حیدرآباد میں دوہری تشہیر ہوگئی۔ایک تو سلمان اور ہیروئن زرین خاں کی آمد نے میڈیا میں اس کی تشہیر کردی لیکن اس کے ساتھ ایک واقعے نے بھی فلم کا نام عوام کی زبان پر چلا دیا۔یوں تو فلم ہندی زبان میں ہے لیکن آندھراپردیش میں وہ ہندی کے ساتھ تلگو زبان میں ریلیز ہورہی ہے۔

سلمان خاں فلم کے تلگو ورشن کے خصوصی شو میں شرکت کے لیے حیدرآباد میں تھے۔انہوں نے ایک ملٹی پلکس میں اس شو میں شرکت کی اور پھر میڈیا سے بات چیت کی۔اس دوران ان کے مداح سیکڑوں کی تعداد میں جمع ہوگئے اور اپنے پسندیدہ ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے پروانہ وار جمع ہوگئے۔ایک مرحلے پر ہجوم بے قابو ہوگیا اور زبردست بھگدڑ مچ گئی۔پولیس اور سلمان کے ذاتی سیکیورٹی اہلکاروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس بھگدڑ میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔

اگر سلمان کو وہاں سے فوری منتقل نہیں کیا جاتا تو صورتِ حال مزید بگڑ نے کا خطرہ تھا۔سلمان کی طرف بڑھنے والے ہجوم کو کنٹرول کرنے پولیس کو طاقت کا استعمال بھی کرنا پڑا۔کسی طرح دوسرے راستے سے سلمان اور زرین کو لے جایا گیا۔بعد میں سلمان نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ حیدرآباد میں سلمان کے ساتھ اس طرح کی صورتِ حال اکثر پیش آتی رہی ہے۔اس سے قبل جب وہ ایک شوروم کے افتتاح کے سلسلہ میں آئے تھے اس وقت ملاقات کا موقع نہ دئے جانے اور سلمان کی بعض پرستاروں پر ناراضگی پر نوجوان برہم ہوگئے اور سلمان کی گاڑی پر حملہ کردیا تھا۔

سلمان خاں کی امیدوں کا مرکز فلم ویر 22 جنوری کو ریلیز ہورہی ہے۔گذشتہ سال اس فلم کی جے پور میں شوٹنگ کے دوران قدیم قلعہ کی دیوار کے منہدم ہونے سے 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔انیل شرما کے ڈائرکشن میں بنائی گئی اس فلم کی کہانی خود سلمان نے لکھی ہے۔گیت گلزار نے لکھے ہیں۔موسیقی ساجدواجد نے ترتیب دی ہے۔فلم میں متھن چکرورتی،جیکی شاف،سہیل خاں اور لیزالیزارز نے کام کیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ فلم کی تکمیل کے ساتھ ہی سلمان نے فلم اپنے والد سلیم خاں کے لیے خصوصی سکرینگ کا اہتمام کیا۔فلم دیکھنے کے بعد سلیم اپنے بیٹے کی اداکاری سے اس قدر خوش ہوے کہ وہاں سے کچھ کہے بغیر واپس ہوگئے۔بعد میں سلمان سے انہوں نے کہا کہ ’میں نے پیار کیا‘ کے بعد’ویر‘ان کی بہترین فلم ہے۔

سلمان کا کہنا ہے کہ’میں نے پیار کیا‘ کی ریلیز سے پہلے بھی والد نے اسی طرح کی رائے کا اظہار کیا تھا اور فلم کامیاب رہی۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ویر کے بارے میں سلیم خاں کے اندازے کس حد تک درست ثابت ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG