رسائی کے لنکس

سلمان خورشید کی طرف سےبدعنوانی کے الزامات کی تردید


سلمان خورشید
سلمان خورشید

کیجری وال کے الزامات کے علاوہ، ہندی کے ایک نجی ٹیلی ویژن نیوز چینل نے ’اسٹنگ آپریشن‘ کرکے ’ذاکر حسین میموریل ٹرسٹ‘ کی مبینہ مالی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا ہے

بھارتی وزیر قانون سلمان خورشید نے بدعنوانی مخالف نجی تنظیم، ’انڈیا اگینسٹ کرپرپشن‘ کے اِس الزام کو سختی سے مسترد کردیا ہے کہ اُن کے نجی ادارے ’ذاکر حسین میموریل ٹرسٹ‘ نے معذوروں کے لیے حاصل سرکاری امدادی رقوم میں بدعنوانی کی ہے اور افسران کے فرضی دستخط کرکے پیسے نکالے گئے ہیں۔

اُنھوں نے اپنی اہلیہ لوئس خورشید کے ساتھ، جو ٹرسٹ کی ایک رکن ہیں اور اُتر پردیش کے شاہجہاں پور میں اپنا کام کرتی ہیں، ایک پُر ہجوم اخباری کانفرنس میں معذوروں کے کیمپوں کی تصاویر پیش کیں اور کہا کہ اُن پر عائد الزامات سراسر بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ اُتر پردیش حکومت اِس سلسلے میں جانچ کر رہی ہے۔

سماجی کارکن اَنّا ہزارے کے سابق رفیقِ کار اور ’انڈیا اگینسٹ کرپشن‘ کے ذمہ دار اِروند کیجری وال اور اُن کی ٹیم نے الزام لگایا ہے کہ سلمان خورشید کے ٹرسٹ نے معذوروں کے لیے جاری کیے گئے 71لاکھ روپے خرد برد کردیے اور معذوروں کے لیے 17کیمپ نہیں لگائے گئے، جب کہ ٹرسٹ کی رپورٹ میں کیمپ لگائے جانے کی بات کہی گئی ہے۔

اِس سلسلے میں ہندی کے ایک نجی نیوز چینل نے ’اسٹنگ آپریشن‘ کرکے ذاکر حسین میموریل ٹرسٹ کی مبینہ مالی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا ہے۔

ایک روز قبل، سلمان خورشید کی اہلیہ لوئیس خورشید نے بھی تمام الزامات مسترد کیے تھے۔ صرف اتنا ہی نہیں، بلکہ اُنھوں نے اِروند کیجری وال کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ بھی دائر کیا ہے۔

اتوار کے روز سلمان خورشید نے جہاں اپنے دفاع میں ثبوت پیش کیے وہیں اُنھوں نے اِروند کیجری وال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑک پر چلتے لوگوں کے سوالوں کے جواب نہیں دیا کرتے۔وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر اُن پر عائد الزامات سچے ثابت ہوجاتے ہیں تو وہ سیاست سے سنیاس لے لیں گے۔

سلمان خورشید نے اسٹنگ آپریشن کرنے والے نیوز اچینل کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

اُن پر اِن الزامات کےبعد دہلی کی سیاست میں ایک زلزلہ سا آیا ہوا ہے۔ دو روز قبل اِروند کیجری وال نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ تک مارچ کرنے کی کوشش کی تھی، مگر اُنھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

دوسرے روز، اُنھیں رہا کیا گیا اور وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ پھر جنتر منتر پر مظاہرہ کرنے پہنچ گئے۔ اُنھوں نے سلمان خورشید کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس پارٹی نے سلمان خورشید کاپوری طرح دفاع کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ اِروند کیجری وال سستی شہرت کے خواہشمند ہیں۔بعض کانگریسی لیڈروں نے اُن کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG